لیاری میں گینگ وار گروپوں کے درمیان پھر لڑائی ایک شخص ہلاک 8 زخمی

شاہ بیگ لین، گل پتی لین اورجھٹ پٹ مارکیٹ میں دونوں گروپوں کے کارندے مورچہ بند ہوکر فائرنگ اور دستی بم حملے کررہے ہیں۔

لیاری میں رواں ماہ اب تک 20 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔ فوٹو : فائل

لیاری کے مختلف علاقوں میں گینگ وار گروپوں کے درمیان ایک بار پھر تصادم شروع ہوگیا ہے دونوں گروپوں کی جانب سے دستی بم حملوں اور فائرنگ سے اب تک ایک شخص ہلاک اور8 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عزیر بلوچ اور بابا لاڈلہ گروپ کے درمیان تصادم نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے، شاہ بیگ لین، گل پتی لین، جھٹ پٹ مارکیٹ، بغدادی اور جونا مسجد میں دونوں گروپوں کے کارندے مورچہ بند ہوکر ایک دوسرے پر فائرنگ اور دستی بم حملے کررہے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے اور علاقہ مکین اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ اتوار کو جھٹ پٹ مارکیٹ پر راکٹ داغا گیا جس میں 6 افراد زخمی ہوئے، دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر دستی بموں اور راکٹوں سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی، تین زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک نامعلوم شخص دم توڑ گیا جب کہ 8زخمی سول اسپتال بھی منتقل کئے گئے ہیں۔


حملوں کے بعد سنگولین، جھٹ پٹ مارکیٹ، موسٰی لین، ریکسرلین اور اطراف کے مکین گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ ہفتے کو لیاری میں مرنے والے 4 افراد کی نثار، عبداللھ، ریاض اور فراز کے نام سے شناخت ہوئی ہے، چاروں کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے تھا۔

واضح رہے کہ عزیر بلوچ اور بابا لاڈلہ کے گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں رواں ماہ اب تک 20 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں جن میں سے گزشتہ روز 8 افراد قتل کئے گئے۔
Load Next Story