ملک بھر میں کہیں دھند تو کہیں برفباری سردی کی شدت برقرار

قومی شاہراہیں اور موٹر ویز بند، ٹریفک کی روانی اور فلائٹ آپریشن متاثر ، کئی پروازیں منسوخ، ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار

شدید دھند نے لاہور کو بھی لپیٹ میں لیے رکھا، لوگوں کو مشکلات، اسکردو کا درجہ حرارت منفی 21، استور میں منفی 16ریکارڈ

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا ہے۔

ترجمان موٹروے کے مطابق شدید دھند کے باعث لاہور سے خانقاہ ڈوگراں،لاہور سے درخانہ، گوجرہ سے شام کوٹ سمیت موٹروے کے متعدد سیکشن عارضی طور پر بند کر دیئے گئے جبکہ قومی شاہراہ پر ٹھوکر ، موہلنوال، مانگا منڈی ، پھولنگر، جمبر، پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ ، میر داد مافی، چونیاں، چیچہ وطنی،کسوال، اقبال نگر اور ملحقہ علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی رہی۔ شدید دھند کی وجہ سے ملک بھر میں چلنے والی ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔


کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں ابھی گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید برفباری کے اثرات کم نہیں ہوئے تھے کہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شمال مغر بی بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ بالائی خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علا قوں ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
Load Next Story