نجی کمپنیوں نے پاکستان اسٹیل سے مال بنوانے کی پیشکش کردی

70 کروڑ روپے کی بیل آؤٹ قسط کے لیے حکومت کوخط ارسال کردیا، ذرائع پاکستان اسٹیل

ملازمین 2 ماہ کی تنخواہ سے محروم، بھاری مشاہرے پر ریٹائرڈ افسران کی بھرتی ادارے پر بوجھ۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لیے بنائی گئی بورڈ کی تین رکنی کمیٹی نجی اسٹیل کمپنیوں کے لیے مصنوعات تیار کرنے کی پیشکشوں کا جائزہ لے رہی ہے جس کی حتمی رپورٹ 20نومبر کو بورڈ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

3 بڑی نجی اسٹیل کمپنیوں نے پاکستان اسٹیل کو خام مال فراہم کرکے مصنوعات تیار کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے ایک جانب پاکستان اسٹیل کے کارخانے رواں دواں ہوجائینگے بلکہ پاکستان اسٹیل کو معاوضہ بھی حاصل ہوگا، پیداواری عمل سے حاصل ہونیوالی بائی پراڈکٹس کی فروخت سے اضافی آمدن ہوگی جبکہ پیداواری عمل سے نکلنے والی گیسوں کے ذریعے توانائی پیدا کرنے سے قدرتی گیس پر انحصار کم ہوگا جس سے ادارے کے آپریشنل اخراجات میں کمی واقع ہوگی۔




پاکستان اسٹیل نے 2.9ارب روپے کے بیل آئوٹ پیکج میں سے تیسری قسط کی ادائیگی کیلیے وزارت کو خط ارسال کردیا ہے جس کی عاشورہ کے بعد ادائیگی کا امکان ہے۔ دریں اثنا اربوں روپے خسارے کی شکار پاکستان اسٹیل میں کنٹریکٹ پر رکھے گئے ریٹائرڈ افسران کو فارغ کردیا گیا ہے تاہم بعض افسران اب بھی بھاری مشاہرے پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور خسارے کا شکار پاکستان اسٹیل پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔ مالی بحران کے سبب 2 ماہ کی تنخواہوں سے محروم ملازمین ریٹائرڈ افسران کوکنٹریکٹ پر مشیر لگائے جانے پر سخت مضطرب ہیں ملازمین کے مطابق ایک جانب ہزاروں ملازمین کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں دوسری طرف منظورنظر ریٹائرڈ افسران کی لاکھوں روپے ماہانہ مشاہرے پر بھرتی ملازمین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
Load Next Story