فٹبال 2014 نائجیریا پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ میں رسائی کا خواہاں

مشکلات کا شکارکیمرون اورتیونس کا اتوار کو آمنے سامنے ہوں گے،میکسیکو نے نیوزی لینڈ کو 5-1سے زیر کرکے امیدیں روشن کرلیں

فٹبال ورلڈ کپ 2014 کی ٹرافی کے مصر پہنچنے پر مقامی آفیشلز اور وزیر کھیل طاہر ابوزید کا خصوصی پوز، 267 روزہ ورلڈ ٹور میں ٹرافی کو 89 ممالک لے جایا جائیگا۔ فوٹو: اے ایف پی

نائیجیریا کو پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ فائنلز میںرسائی ممکن نظر آنے لگی، ٹیم ہفتے کوپلے آف سیکنڈ لیگ میں ایتھوپیا کا سامنا کرے گی۔

دونوں ممالک کے درمیان منعقدہ فرسٹ لیگ میں نائیجیریا کو 2-1 سے برتری ملی تھی،براعظم کے دیگر پلے آف سیکنڈ لیگ میچز میں آئیوری کوسٹ کوسینیگال کا چیلنج درپیش ہوگا، مشکلات کا شکارکیمرون اور تیونس کا ٹاکرا اتوار کو شیڈول ہے، دوسری جانب اوشیانا زون میں میکسیکو نے نیوزی لینڈ کو 5-1 سے زیر کرتے ہوئے برازیل کا ٹکٹ حاصل کرنے کی امیدیں روشن کرلی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوالیفائرز میں قبل ازیں 2-1 سے مات کھانے والی ایتھوپین ٹیم کو ایک بار پھر ہفتے کو نائیجریا کا سامنا کرنا ہے۔ عدیس ابابا میں کھیلے گئے پہلے لیگ میچ میں سپر ایگلز نے ایما نوعیل ایمناٹک کے دوسرے ہاف میں فیصلہ کن گول کی بدولت 8 میچوں میں پانچویں فتح پائی تھی، اس بار بھی ٹیم کو کامیابی کے خواب نظر آنے لگے ہیں۔

کالا بار میں شیڈول میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کوچ اسٹیفین کیشی نے بتایا کہ انجریز کی وجہ سے مڈ فیلڈر نوسا آگیبور اور یوچی ووفور کو ڈراپ کیا جارہا ہے جبکہ چیلسی کے ڈیفینڈر کینتھ اور میرو، اسکاٹش کلب کے گبیریل ریوبن اور امریکا میں مقیم اسٹرائیکر برائٹ ڈائیک کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔لیورپول کی جانب سے کھیلنے والے فارورڈ وکٹر موسس کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ملک کی خاطر جان لڑاتے ہوئے ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے کی منزل حاصل کرلیں گے۔ فارورڈ اوبینا موفور نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں صرف اور صرف جیت کیلیے میدان میں اتریں گے۔ دوسری طرف ایتھوپیا نے بھی اپنی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے گیٹانے کبیڈی کی خدمات حاصل کی ہیں، اسٹرائیکر نے پہلی لیگ میں 4 گول اسکور کیے تھے لیکن بعدازاں ٹخنے کی انجری کے سبب ایکشن میں نظر نہیں آسکے، اسٹرائیکر صلاح الدین کا کہنا ہے کہ پہلے میچ میں شکست کا کوئی دباؤ قبول کیے بغیر آخری دم تک لڑیں گے۔




انھوں نے کہا کہ نائیجیریا کو اوے گول کا فائدہ ضرور حاصل ہے، تاہم جب تک میچ کے 90 منٹ ختم نہیں ہوجاتے کوئی بات حتمی نہیں کہی جاسکتی، گیٹانے کی واپسی سے ٹیم کی قوت میں اضافہ ہوگیا ، ان کے میرے ساتھ تال میل بھی اچھا ہے، دونوں مل کر حریف کی دفاعی لائن کو زیادہ سے زیادہ نشانہ بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائیں گے۔ دوسری طرف آئیوری پوسٹ بھی کچھ اسی قسم کی صورتحال سے دوچار ہے۔ عابد جان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں 3-1 کی فتح سے بلند حوصلہ ٹیم کو اس بار مراکو کے شہر کاسابلانکا میں سینیگال کا سامنا کرنا ہے، ہاتھیوں کی عرفیت رکھنے والے فٹبالرز ایک اہم ساتھی کھلاڑی آرتھربوکا اور سائیکا ٹائن کی کمی محسوس کرینگے، دونوں اسٹار زخمی ہونے کی وجہ سے ایکشن میں نظر نہیں آسکیں گے، ان کے علاوہ نیو کاسل کی طرف سے کھیلنے والے مڈ فیلڈر چیک ٹائیوٹ معطلی کی وجہ سے میچ کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔

حیران کن طور پر سینیگال نے بھی دمبابا کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسٹار فٹبالر کے فرانس سے تعلق رکھنے والے کوچ ایلن گیرسی سے اختلافات کی خبریں گردش میں ہیں۔ چند مسائل کے باوجود کوچ کو یقین ہے کہ ان کے کھلاڑی آئیوری کوسٹ کی مضبوط ٹیم کو اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا پلان ہوگا کہ کم از کم 2 گول کی برتری حاصل کرکے اسے برقرار رکھنے کیلیے سخت محنت کریں، اس میں ہمارے فارورڈز کا کردار بہت اہم ہوگا، میچ کیلیے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، کوشش کرینگے حریف کی ہر کمزوری سے فائدہ اٹھائیں۔ اتوار کو شیڈول ایک اور میچ میں 6 ورلڈ کپ کھیلنے والے کیمرون کو جوابی مقابلے میں تیونس کی میزبانی کا موقع ملے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا، انگلش پریمیئر لیگ میں قدم جمانے کیلیے کوشاں کیمرون کے کپتان سیموئیل ایٹو کو تیونس کی دفاعی حکمت کا توڑ کرنے کیلیے کوئی خاص حکمت عملی وضع کرنا پڑے گی۔

حریف ٹیم کے ڈچ کوچ رڈ کرول کا کہنا ہے کہ ہم پہلے میچ میں بھی گول کھانے کے بجائے کرنے کی سوچ لیے میدان میں اترے تھے لیکن مقابلہ فیصلہ کن ثابت نہ ہوسکا۔ ایٹو کا کہنا ہے کہ نئے میچ میں ہماری حکمت عملی بھی نئی ہوگی، ہمارے فارورڈ اپنے دفاع پر دباؤ بڑھانے کا سبب بننے کے بجائے حریف کیلیے مشکلات پیدا کرنے کو بیتاب ہیں۔ دوسری جانب اوشیانا زون میں میکسیکو نے نیوزی لینڈ کو 5-1 سے زیر کرتے ہوئے برازیل کا ٹکٹ حاصل کرنے کی امیدیں روشن رکھی ہیں۔ ہوم گراؤنڈ آزٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے میچ میں میکسیکو نے گزشتہ مقابلوں کی نسبت بہتر فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو لاجواب کیا، اس سے قبل 2 ورلڈ کپ مقابلوں میں جلوہ گر ہونے والی کیوی ٹیم کپتان اور مضبوط دفاعی دیوار ونسٹن ریڈ سے محروم تھی، انھیں انجری کے سبب میدان میں نہیں اتارا گیا،جس کا 19 میں سے 14 ورلڈ کپ کھیلنے والی میکسیکن سائیڈ نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے پال آگلیئر نے 31 ویں منٹ میں کھاتہ کھولا، 8 منٹ بعد فاورڈ راؤل جمینز نے کارنر کک کو کار آمد بنایا، پہلا ہاف ختم ہونے سے 3 منٹ قبل پیرالٹا نے بال کو جال کی راہ دکھائی، میچ کے 80 ویں منٹ میں انھوں نے اپنا دوسرا گول کرکے اسکور 4-0 کیا، تھوڑی دیر بعد ہی رافیل مارکوئز نے حریف کا دفاع پاش پاش کیا۔ نیوزی لینڈ کا واحد گول میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل کرسس جیمز نے کیا۔
Load Next Story