کورونا وائرس چین میں پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے ترجمان دفتر خارجہ

یونیورسٹیوں کی انتظامیہ اور چینی حکام سے پاکستانی طلبا کی خوراک کا مسئلہ اٹھایا گیا ہے، عائشہ فاروقی

کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام اقدامات کئے جائیں گے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ چین میں کورونا وائرس کے پیش نظر وہاں موجود پاکستانی شہریوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہیں۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران عائشہ فاروقی نے کہا کہ چینی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کیے ہیں اور ہم اس مشکل گھڑی میں چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اب تک کسی ملک نے اپنے شہریوں کا چین سے انخلاء نہیں کیا، حکومت پاکستان چین میں اپنے شہریوں کے لئے بہترین کوششیں کر رہی ہے اور ان کی ہرممکن مدد کی جارہی ہے، چین میں تمام طلبا کی رجسٹریشن کو یقینی بنارہے ہیں، ان کے مسائل کے حوالے سے چینی حکام سے رابطے میں ہیں، یونیورسٹیوں کی انتظامیہ اور چینی حکام سے ان کی خوراک کا مسئلہ اٹھایا گیا ہے، ہم چینی حکام کا پاکستانی شہریوں کو ہرممکن مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔


عائشہ فاروقی نے کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام اقدامات کئے جائیں گے، اس کے لئے پاور ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جب کہ قومی ادارہ صحت نے اس حوالے سے خصوصی ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے خلاف بھارتی قیادت کے جنگی جنون کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی کشمیر مخالف اور اقلیت مخالف پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کی توجہ دوسری جانب مبذول کرنے کے لیے ایسے اقدام کررہا ہے۔
Load Next Story