دہلی اسمبلی کے انتخابات میں مودی کی جماعت کو شکست فاش کا سامنا

عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 58 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی جب کہ بی جے پی کو صرف 9 نشستیں ملیں

تمام تر سرکاری وسائل کے استعمال اور ہندو ازم کو بھڑکانے کے باوجود بی جے پی صرف 9 نشستیں حاصل کرسکی، فوٹو : فائل

بھارت میں دہلی اسمبلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو تیسری بار بھی شکست کا مزہ چکھا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی اسمبلی کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری ابتدائی نتائج کے تحت دہلی کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 58 نشستیں حاصل کر کے میدان مار لیا اور مودی سرکار کے غرور کو دھول چٹا دی ہے۔ ملک کی حکمراں جماعت بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود صرف 9 نشستیں حاصل کر پائی۔


دہلی میں حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے 36 سیٹیں درکار ہوئی ہیں جب کہ عام آدمی پارٹی نے 58 سیٹیں حاصل کر کے تیسری بار حکومت سازی کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے جیت کی خوشیاں میں مٹھائیاں بانٹیں جب کہ بی جے پی کے دفاتر میں ہُو کا عالم ہے۔ بی جے پی کی شکست کی ایک بڑی وجہ متنازع شہریت بل بھی ہے جسے مسلمانوں سمیت ملک کے سنجیدہ حلقوں نے مسترد کردیا تھا۔

دہلی کی سیاسی بساط کو الٹنے کے لیے بی جے پی حکومت کے صدر اور وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر اعلیٰ اتر پردیش یوگی سمیت کئی اعلیٰ عہدیداروں نے انتخابی حلقوں میں ڈیرے ڈال دیئے تھے اور حکومتی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا تھا جب کہ ہندو ووٹرز کو لبھانے کو لیے اقلیتوں کیخلاف زہر اگلا گیا اور نفرت کی فضا پیدا کی تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود ووٹرز نے مودی سرکار کی پالیسیوں کو ٹھکرا دیا۔

 
Load Next Story