نیب نے شہباز فیملی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب کی منی لانڈرنگ کے شواہد حاصل کرلیے

اربوں روپے کی غیر قانونی منتقلی کا یہ ریکارڈ اسٹیٹ بینک کے ذریعے حاصل ہوا ہے، ذرائع نیب

ٹی ٹی کیس اسٹیٹ بینک سے آنے والی ایس ٹی آر کی بنیاد پر شروع کیا گیا، ذرائع نیب (فوٹو: فائل)

قومی احتساب بیورو (نیب) نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف فیملی کے خلاف تین سے چار ارب روپے کی منتقلی کے ثبوت حاصل کرلیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، نیب نے ٹی ٹی کیس میں کرپشن کے شواہد ملنے پر شہباز شریف فیملی کے خلاف ایک اور ریفرنس کی تیاری مکمل کرلی۔


نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے اثاثہ جات کیس (ٹی ٹی کیس) کے ٹھوس ثبوت حاصل کرلیے، انہیں ٹی ٹیز کے ذریعے ہونے والی منتقلی کے تین سے چار ارب کے ثبوت حاصل ہوگئے، ٹی ٹی کیس اسٹیٹ بینک سے ملنے والی ایس ٹی آر رپورٹ کی بنیاد پر ہی شروع کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف اور ان کی فیملی کے خلاف ٹی ٹی ریفرنس منظوری کے لے نیب اسلام آباد بھجوا دیا ہے۔ ریفرنس میں سابق وزیر اعلی پنجاب، ان کے صاحبزادے سلمان اور حمزہ شہباز، اہلیہ نصرت شہباز اور دونوں بیٹیوں کے نام بھی شامل ہیں۔ ریفرنس لاہور کی احتساب عدالت میں اگلے ماہ دائر ہونے کا امکان ہے۔
Load Next Story