حکومت پاکستان امریکا سے ڈرون حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کریگی دفتر خارجہ

حکومت پاکستان امریکا سے ڈرون حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کریگی، دفتر خارجہ۔

سرتاج عزیز نےحملے کےروزہی امریکی سفیرکوپاکستان کی تشویش سےآگاہ کیا اور احتجاج ریکارڈ کرایا, ترجمان۔ فوٹو: فائل

دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے امریکا سے ڈرون حملے فوری طور پر بند کرنے کے مطالبے کا فیصلہ کیا ہے۔


ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خیبر پختونخوا کے علاقے ہنگو میں ہونے والے ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، ہنگو میں ہونے والے ڈرون حملے میں بچوں سمیت متعدد بے گناہ لوگ جاں بحق ہوئے لہٰذا حکومت پاکستان امریکا سے ڈرون حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے حملے کے روز ہی امریکی سفیر کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا اور ہنگو میں مدرسے پر ہونے والے ڈرون حملے پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو کی تحصیل ٹل میں امریکی قاتل ڈرون نے ایک مدرسے پر 4 میزائل داغے جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
Load Next Story