حجاب اسلامی معاشرے کی شناخت ہے شیخ شوکت علی

جس دن مسلم خواتین کی اکثریت نے حجاب اختیار کر لیا وہ اسلامی انقلاب کا نقطہ آغاز ہو گا۔

جس دن مسلم خواتین کی اکثریت نے حجاب اختیار کر لیا وہ اسلامی انقلاب کا نقطہ آغاز ہو گا، فوٹو: ظفر اسلم

جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر شیخ شوکت علی نے کہا ہے کہ حجاب اسلامی معاشرے کی شناخت ہے اور جس دن مسلم خواتین کی اکثریت نے حجاب اختیار کر لیا۔

وہ اسلامی انقلاب کا نقطہ آغاز ہو گا اور پھر اس خوشگوار تبدیلی کی لہر سے مشرق و مغرب متاثر ہوں گے۔ عالمی یوم حجاب کے موقع پر انھوں نے مزید کہا کہ اسلام نے خواتین کو ظلم و استحصال سے نجات دلانے کے لیے ان کے زیادہ حقوق مقرر کیے ہیں۔


ماں، بہن اور بیٹی کو رحمت قرار دیا، لیکن آج دنیا میں ان کا استحصال سب سے زیادہ کیا جا رہا ہے، مغرب میں خواتین کو نمائش اور فحاشی کا ذریعہ سمجھا گیا ہے، انھیں بے لباس کرنا ترقی اور جدیدیت کے لیے ضروری تصور کیا گیا ۔ آزادی کے چیمپیئن بننے والے ممالک کے ہاں مسلم خواتین کو حجاب کی اجازت تک نہیں ہے، امریکا اور یورپ میں خواتین کیلیے مہذب لباس پہننے اور اسکارف استعمال کرنے پر پابندی ہے۔

مغربی ممالک کی پردہ سے بے زاری کا ہی نتیجہ ہے کہ وہاں فحاشی عریانی اور بے راہ روی عام ہے، مسلم اور غیر مسلم خواتین عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔ اسلام دشمن چاہتے ہیں کہ مسلم ممالک میں بھی یہی چلن عام ہو جائے اور وہ انہی سازشوں میں لگے ہوئے ہیں۔ شیخ شوکت علی نے مائوں بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ حجاب کا استعمال عام کریں۔
Load Next Story