امن کے قیام کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتاجام مہتاب

کراچی میں قیام امن اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے حکومت نے بھرپور اقدامات کیے


Staff Reporter September 05, 2012
کراچی میں قیام امن اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے حکومت نے بھرپور اقدامات کیے

KARACHI: صوبائی وزیر برائے ریونیو جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام۔

روزگار کے مواقع کی فراہمی اور صوبے کے دور دراز علاقوں کو شہری علاقوں کے برابر لانا موجودہ جمہوری حکومت کی ترجیحات میں شامل رہا ہے، یہ بات انھوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ امن و امان کے قیام کے بغیر معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ، صوبے خاص کر کراچی میں امن و امان کے قیام اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے حکومت نے بھرپور اقدامات کیے ہیں،انھوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا کو خراب کرنے میں بے روز گاری ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔

جام مہتاب حسین نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عملیت پسندی پر یقین رکھتی ہے خالی نعرے صرف مسلم لیگ (ن) کا خاصہ رہا ہے، علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور ڈاکٹر موہن لعل نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کہاکہ موجودہ جمہوری حکومت شب و روز عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے تاکہ عام آدمی کے مسائل حل کیے جاسکیں، صوبائی وزیر ڈاکٹر موہن لعل نے کہا کہ شہید قائد بے نظیر بھٹو کا وژن تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی کو مستحکم اور روابط بہتر بنائے جائیں۔

اسی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے موجودہ پی پی حکومت نے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کرتے ہوئے ہر شخص کو اس کا حق دلوانے کیلیے اقدامات کیے ، انھوں نے کہا کہ آج عدلیہ اور میڈیا آزاد ہیں اس آزادی کے لیے موجودہ جمہوری حکومت نے بہت قربانیاں دیں اور ہمارے شہید قائدین نے اس کی بڑی قیمت ادا کی۔