بھارت ویسٹ انڈیز کو دن میں تارے دکھانے کیلیے بے تاب

مہمان ٹیم بھی آج فیصلہ کن معرکے میں فتح کے ساتھ سیریز اپنے نام کرنے کیلیے کوشاں

ویسٹ انڈیز نے بڑا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد حاصل کیا تھا لیکن کامیابی نے بیٹسمینوں کے حوصلے مزید بلند کردیے۔فوٹو:کرک انفو/فائل

بھارت بدھ کو دن کی روشنی میں ویسٹ انڈیز کو تارے دکھانے کیلیے بے تاب ہوگا، دوسرے میچ میں کامیابی سے بلند حوصلہ کیریبیئن ٹیم بھی فیصلہ کن معرکے میں فتح کیساتھ سیریز اپنے نام کرنے کیلیے کوشاں ہے۔

عالمی نمبر ون میزبان ٹیم کو مڈل آرڈر کی ناکامی کا خدشہ ستانے لگا،کانپور میں عمدہ ریکارڈ بہتر کارکردگی کی امید دلائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین ون ڈے سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ بدھ کو دن کی روشنی میں کھیلا جائے گا، میزبان کپتان دھونی نے دوسرے مقابلے میں شکست کا ملبہ رات کو پڑنے والی اوس اور مصنوعی روشنیوں پر ڈال دیا تھا، اس بار انکے پاس کوئی جواز نہیں ہوگا، انھوں نے ڈے میچ کو خوش آئند قرار دیا ہے،بلو شرٹس کی مڈل آرڈر نے ناقص کھیل سے بڑا اسکور کرنے کا موقع گنوایا تھا، اس بار بھی کپتان کو ناکامی کا خدشہ ستائے گا، یوراج ، سریش رائنا اور بیٹنگ میں کوئی تاثر چھوڑنے میں ناکام رہنے والے آل رائونڈر جڈیجا ایک بار پھر دبائو میں ہونگے، مہمان بولرز خاص طور روی رامپال اور سنیل نارائن نے تینوں لیفٹ ہینڈرز کی کمزوریوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا، جس کے بعد بہتر ٹوٹل کیلیے دھونی کوخود ہی چیلنج قبول کرنا پڑا۔




ویسٹ انڈیز نے بڑا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد حاصل کیا تھا لیکن کامیابی نے بیٹسمینوں کے حوصلے مزید بلند کردیے،بدھ کے میچ میں فتح کیلیے اب تک ناکام ثابت ہونے والے مارلون سموئلز کے ساتھ ڈیوائن براوو کو بھی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، رات کو پڑنے والی اوس کے سبب پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو زیادہ محتاط آغاز کرنیکی ضرورت پیش آئیگی۔کانپور میں شاندار ریکارڈ میزبان ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے کیلیے کافی ہے، بلو شرٹس نے یہاں 11 میچز میں سے صرف 3میں شکست کھائی،ویسٹ انڈیز نے اس میدان پر 1994میں فتح سیمٹی تھی۔ڈیوائن براوو کو امید ہے کہ 4 یا 5بیٹسمین اچھا آغاز کرنے کے بعد بہتر ٹوٹل کے شراکت دار بن گئے تو مہمان ٹیم کو زیر کرنا مشکل نہیں ہوگا، دھونی نے کہاکہ یوراج ردھم میں آئے تو رنز کا ڈھیر لگا دینگے۔ یاد رہے کہ گرین پارک اسٹیڈیم 26کروڑ کی لاگت سے تیار کیے جانے والے ایک جدید پویلین نے ساڑھے 5 کروڑ میں نصب کی جانے والی فلڈ لائٹس کے ایک حصے کو ناکارہ بنادیا تھا، میدان میں سایہ نظر آنے کے سبب بھاری اخراجات کے باوجود یہاں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔
Load Next Story