اقوام متحدہ کی متنازع شہریت بل کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست

متنازع بل میں مسلمان تارکین وطن کو محروم رکھا گیا ہے جبکہ دیگر اقلیتوں کو شہریت دینے کی بات کی گئی ہے

یو این ہائی کمشنر مچل بچلیٹ نے شہریت بل کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، فوٹو : فائل

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر مچل بچلیٹ نے متنازع شہریت بل کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیشن کے دفتر نے جنیوا میں بھارتی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ سربراہ انسانی حقوق کمیشن مچل بچلیٹ نے متنازع شہریت بل کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے درخواست دائر کردی گئی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : اقوام متحدہ کا مقبوضہ کشمیر اور نئی دہلی میں مسلم نسل کشی پر تشویش کا اظہار


دوسری جانب بھارتی وزرات خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریت بل ہمارا اندرونی معاملہ ہے جس پر غیر ملکی ادارے کو اعتراض یا درخواست دائر کرنے کا آئینی اختیار حاصل نہیں۔ بھارتی حکومت اپنے ملک کے مفاد میں ہر فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارت میں مسلمانوں سے امتیازی سلوک پر مبنی بل کی منظوری کیخلاف شدید احتجاج

یاد رہے کہ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے 43 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مچل بچلیٹ نے متنازع بل پر اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کیا تھا جب کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے بھی شہریت بل سے مسلمان شہریوں کے بے گھر و بے ریاست ہوجانے کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔

 
Load Next Story