کراچی کو ایک ماہ کیلیے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

پاکستان کا تجارتی خسارہ ہر سال بڑھتا جارہا ہے، میاں زاہد حسین،پریس کانفرنس

معروف صنعتكارايس ايم منيركراچي پريس كلب ميں پريس كانفرنس سے خطاب كررہے ہيں۔ فوٹو: ایکسپریس

صنعتی شعبے نے کراچی کو اسلحے سے پاک کرنے کی غرض سے شہر کی انتظامیہ ایک ماہ کے لیے مسلح افواج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

جبکہ کراچی میں قیام امن کے لیے آئندہ چند روز میں لاہور اور بعدازاں کراچی میں ملک گیر تاجرکنونشن منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ اور انڈوپاک چیمبر آف کامرس کے صدرایس ایم منیرنے آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے چیئرمین میاں زاہد حسین کے ہمراہ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں جاری خون ریزی اوردہشت گردی پرموثرانداز میں قابو پانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلیے شہر کوایک ماہ کیلیے فوج کے حوالے کردیا جائے۔


گزشتہ دو ماہ سے شہر میں بھتہ خوری عروج پر پہنچ گئی ہے جبکہ کراچی میں ملک کے دیگر شہروں کی نسبت لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہونے کے باوجود 150 صنعتیں کراچی سے منتقل ہو چکی ہیں جس کی بنیادی وجہ مستقل بدامنی اور خوف ہے ، بدامنی اور خوف کے سبب صنعتکاری رک گئی ہے جس کے سبب پاکستان صنعت کے بجائے اب صرف ایک تجارتی نوعیت کا ملک بنتا جارہا ہے، حکومت اور اس کی حلیف جماعتوں وہ مفاد عامہ میں کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انھوں نے کہا کہ امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے صنعت وتجارت پر شرح سود میں حالیہ کمی کے مطلوبہ مثبت اثرات مرتب نہیں ہوسکے جبکہ پاورگیس ٹیرف میں مستقل اضافے اور حال ہی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے صنعتی شعبے کے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو منجمد کرے۔پاک بھارت تجارتی تعلقات کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا 7 ستمبر کو پاکستان پہچیں گے اور اس دورے میں نئے ویزہ پالیسی کا معاہدہ طے پائیگا اور دوطرفہ تجارت کے حوالے سے بات چیت کی جائیگی، مجوزہ نئے ویزہ پالیسی کے تحت پاکستانی تاجروں کو بھارت کے10 شہروں پر مشتمل ایک سالہ مدت کا ویزہ دیا جائے گا جوپولیس رپورٹنگ سے بھی مستثنیٰ ہوگا۔

دونوں ممالک کے وزارت خارجہ کے درمیان اجلاس میں کراچی اور ممبئی میں سفارتخانے بحال کرنیکا بھی مطالبہ کیا جائیگا۔ کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے مابین تجارتی لین دین بھارت کے حق میں ہے ،پاکستان کا تجارتی خسارہ ہرسال 14 تا 15 فیصد بڑھتا جارہا ہے جسکو کم کرنیکی اشد ضرورت ہے۔
Load Next Story