جونیئر ہاکی ٹیم نے سینئرز کو دن میں تارے دکھادیے

مقابلہ2-1 سے جیت کر2میچزکی سیریز میں برتری حاصل کر لی۔

کھلاڑیوں میں ٹمپرامنٹ کی کمی محسوس ہوئی، مسئلہ جلد حل کرلیںگے،فاتح کوچ۔ فوٹو: فائل

جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے سینئرزکو دن میں تارے دکھا دیے، مقابلہ2-1 سے اپنے نام کرکے 2 میچز کی سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

فاتح سائیڈ کو6 دسمبر سے بھارت میں شیڈول میگا ایونٹ میں شرکت کرنا ہے، پلیئرز کو بہترین تیاریوں کا موقع فراہم کرنے کیلیے پی ایچ ایف نے سینئر ٹیم کے ساتھ سیریز کا اہتمام کیا ہے،ابتدائی میچ میاں محمد شریف اسٹیڈیم لاہور میں گذشتہ شام کھیلا گیا، جونیئرزکی قیادت عمر بھٹہ نے کی جبکہ سینئر ٹیم کے کپتان محمد عمران تھے،کھیل کے آغاز میں ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر برق رفتاری سے حملے کیے، جونیئر ٹیم اس وقت سینئرز پر بازی لے گئی جب رضوان علی نے16ویں منٹ میں فیلڈ گول کے ذریعے برتری دلا دی، سنیئرز نے خسارہ کم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن حریف دفاعی لائن تمام حملوں کو ناکام بناتی رہی۔

پہلے ہاف میں جونیئر ٹیم کو ایک گول کی برتری حاصل رہی،وقفے کے بعد ایک بار پھر شاندار کھیل دیکھنے میں آیا، سینئر ٹیم گول کر کے اسکور برابر کرنے کی تگ و دو کرتی رہی جبکہ جونیئرز برتری کو دگنا کرنا چاہتے تھے، قسمت نے ایک بار پھر ان کا اس وقت ساتھ دیا جب41ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک مل گیا، محمد توثیق نے گول کیپر کو چکمہ دے کر اسکور 2-0 کر دیا۔کھیل کے 63 ویں منٹ میں عبدالحسیم خان نے فیلڈ گول سے سینئرز کا خسارہ کم کیا، میچ کے آخری 7 منٹ میں سینئرز نے برابری کی کوشش کی لیکن جیت کے جذبے سے سرشار نوجوان کھلاڑیوں نے ایک نہ چلنے دی اور مقابلہ اپنے نام کر لیا، سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ہفتے کو اسی گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔




پہلے مقابلے کے مہمان خصوصی میکسیکو اولمپکس 1968 کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم کے کپتان ڈاکٹر طارق عزیز تھے، اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول، سیکریٹری رانا مجاہد علی، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد شفقت، صدر پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن شاہد پرویز بھنڈارا، سابق اسٹارز ریحان بٹ اور سلیم شیروانی سمیت تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، دریں اثنا چیف کوچ منظور الحسن سینئر کا کہنا ہے کہ میچ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کو اعتماد حاصل ہوا جس کا فائدہ ورلڈ کپ میں ہوگا۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہاکہ بھارت میں شیڈول میگا ایونٹ کیلیے پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کو تیاریوں کا اچھا موقع فراہم کیا، بلاشبہ سینئرز کے ساتھ کھیلنا اور جیتنا خوش آئند ہے تاہم اسکے باوجود کھلاڑیوں میں ٹمپرامنٹ سمیت کچھ شعبوں میںکمی محسوس ہوئی،ان مسائل کو بھارت جانے سے قبل دور کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد علی نے کہاکہ جونیئرز کے سینئرز سے مقابلوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے، باصلاحیت کھلاڑیوں کی بڑی کھیپ تیار کرنااولین مقصد ہے، بڑی تعداد میں ڈومیسٹک سطح کے ایونٹس کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کرینگے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پہلا میچ بڑا شاندار رہا، دونوں سائیڈز نے ایک دوسرے پر برتری لے جانے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔انھوں نے کہا کہ ہفتے کو دوسرے میچ کے دوران میاں شریف ہاکی اسٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا، عوام سے اپیل ہے کہ بڑی تعداد میں آ کرکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔
Load Next Story