پی ایس ایل؛ کرکٹ اسٹارز نے فیصلے کو شرفِ قبولیت بخش دی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 18 مارچ 2020
زندگیوں کا تحفظ اہم ہے (وسیم) ٹرافی سرفہرست ٹیم کو سونپ دیں،آفریدی۔ فوٹو: فائل

زندگیوں کا تحفظ اہم ہے (وسیم) ٹرافی سرفہرست ٹیم کو سونپ دیں،آفریدی۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  سابق اور موجودہ کرکٹرز نے پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کے فیصلے کو شرف قبولیت بخش دی۔

سابق اور موجودہ کرکٹرز پی ایس ایل 5کے میچز کو ملتوی کرنے سے مطمئن ہیں،سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وسیم اکرم نے کہا کہ میں غیر ملکی اور ملکی کرکٹرز سمیت ایونٹ کا حصہ بننے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں،سب نے لیگ کیلیے اہم کردار ادا کیا، ہم انھیں نیک خواہشات کے ساتھ فیملیز کے پاس واپس روانہ کررہے ہیں،دنیا جلد اپنے قدموں پر کھڑی ہوگی۔

شعیب اختر نے کہا کہ ہم دنیا کی دیگر قوموں کے ساتھ ہیں،کورونا وائرس ایک عالمی وبا اور یہ یقینی بنانا اہم ہے کہ جانی نقصان نہ ہو،ہمیں مل کر اس کیخلاف جنگ لڑنا ہوگی،بہرحال پی ایس ایل کے ذریعے دنیا کو پیغام چلا گیا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ لیگ کے ملتوی ہونے پر دکھ ہوا لیکن خاص طور پر سفر کرنے والوں کی صحت اور حفاظت اہم ہے، شاید التوا کا فیصلہ پہلے ہی کرلینا چاہیے تھا، انھوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کو ٹرافی سونپ دی جائے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ دل ٹوٹ گیا، میدانوں میں بڑی رونقیں تھیں،پی ایس ایل کو نظر لگ گئی لیکن صحت اور سلامتی پر کسی مصلحت سے کام نہیں لیا جا سکتا، پی سی بی نے درست فیصلہ کیا۔بابر اعظم نے کہا کہ یہ دنیا کیلیے ایک مشکل وقت ہے، سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ افسوس تو ہوا لیکن پی سی بی نے دانشمندانہ فیصلہ کیا،سب کو بچاؤکیلیے احتیاط سے کام لینا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔