جنگوں پرمبنی فلمیں پسند نہیں چاہے پاکستان میں بنیں یا بھارت میں نصیرالدین شاہ

پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے سچائی پر مبنی اور عوامی مسائل پر زیادہ سے زیادہ فلمیں بننی چاہیئیں، اداکار۔

آئندہ بھی زندہ بھاگ جیسی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا تو ضرور کروں گا, نصیرالدین شاہ۔ فوٹو: فائل


بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ نے کہا ہے کہ امن کے لئے کوششیں کرتے رہنا چاہیئیں اور اگر آئندہ بھی زندہ بھاگ جیسی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا تو ضرور کروں گا۔


لاہور پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکارکا کہنا تھا کہ فیض فاؤنڈیشن کے لئے پرفارم کرنے پاکستان آیا ہوں اور ہر سال پاکستان آتا رہوں گا، امید ہے کہ پاکستان میں زندہ بھاگ جیسی مزید فلمیں بنیں گی، اس قسم کی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا تو آئندہ بھی کام کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے ضروری ہے کہ سچائی پر مبنی اور عوامی مسائل پر زیادہ سے زیادہ فلمیں بنائی جائیں، جنگوں پر مبنی بننے والی فلمیں پسند نہیں چاہے وہ پاکستان میں بنیں یا پھر بھارت میں کیونکہ اس قسم کی فلموں میں ایک دوسرے کو دشمن ظاہر کیا جاتا ہے۔ نصیرالدین شاہ کا کہنا تھا کہ لاہور کا کھانا بہت پسند ہے اور امید ہے کہ لاہوری مجھے اچھا کھانا کھلائیں گے۔

Load Next Story