کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر عوام کو ڈانٹنے والے ڈرون

اٹلی کے صوبے میسینا کے میئر کی ریکارڈنگ والے ڈرون سے لوگوں کو سختی سے گھر میں رہنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔

اٹلی میں ڈرون سے اعلانات کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی جارہی ہے۔ فوٹو: فائل

اٹلی کے ایک صوبے کے میئر نے ڈرون کے ذریعے ان لوگوں کو خبردار کرنا شروع کردیا ہے جو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باہر آوارہ گردی کررہے ہیں۔

اس سے قبل ڈرون سامان پہنچانے، خون کی ترسیل، آگ بجھانے، رنگ وروغن کرنے کا کام انجام دیتے رہے ہیں اور اب اٹلی میں کورونا وائرس کی ہولناک وبا سے ہونے والی تباہی کےبعد ڈرون سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات دیئے جارہے ہیں۔

اسی طرح کی ایک ویڈیو میں ڈرون دو نوجوانوں کے پیچھے اڑ رہا ہے اور انہیں بہت سخت الفاظ میں گھر میں رہنے کی تلقین کررہا ہے۔

https://www.youtube.com/watch?time_continue=55&v=7xmCW6R4Q4s&feature=emb_logo


اسی طرح چین میں ڈرون اسپرے کے ذریعے بہت سے علاقوں اور جگہوں کو وائرس سے پاک کیا گیا ہے اور کووڈ 19 کے تناظر میں کئی ممالک میں ڈرون سے مختلف کام انجام دیئے گئے ہیں۔

اٹلی میں کورونا وائرس نے بہت بڑی آبادی کو متاثر کیا ہے جہاں اس وقت ڈیڑھ لاکھ مریض موجود ہیں اور 18 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اٹلی کے علاقے میسنا کے میئر 'کیٹینو ڈی لیوکا' کو ڈرون کے اسپیکر سے چیختے اور چلاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ یہ ڈرون بسا اوقات میسنا کے لوگوں کا تعاقب کرتا ہے اور بار بار انہیں گھر میں رہنے کی تلقین کرتا ہے۔

میئر کے علاوہ بھی دور بیٹھے افراد اور آپریٹر صورتحال کے تحت لوگوں کو باقاعدہ ڈانٹ رہے ہیں تاکہ وہ گھروں تک محدود رہ سکیں۔ پوری دنیا میں کرفیو اور لاک ڈاؤن ہی کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری سے بچنے کا سب سے مؤثر طریقہ رہ گیا ہے۔

دوسری جانب ڈرون کے ذریعے اسپین میں بھی لوگوں کو خبردار کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
Load Next Story