خردبینی ہیروں والا مہنگا ترین کپڑا قیمت 125000 روپے فی میٹر

کروڑوں روپے میں ایک گھڑی خرید نے والوں کےلیے ایک جوڑے کے پچیس تیس لاکھ برداشت کرنا کوئی بڑی بات نہیں

خردبینی ہیروں والے اس نرم و ملائم کپڑے کی قیمت 750 ڈالر یعنی تقریباً سوا لاکھ پاکستانی روپے فی میٹر ہے۔ (فوٹو: اسکیبل)

KARACHI ':
بیلجیئم کی ایک کمپنی ''اسکیبل'' گزشتہ کئی سال سے بے حد مہنگا کپڑا بنا رہی ہے جو صرف امیر اور ارب پتی گاہکوں کےلیے ہوتا ہے۔ اس کمپنی کا ایک برانڈ، جو ''ڈائمنڈ چپ'' کے نام سے مشہور ہے، اتنا مہنگا ہے کہ اس کے ایک میٹر ٹکڑے (جس کا ارض ڈیڑھ میٹر ہوتا ہے) کی قیمت 750 امریکی ڈالر یعنی تقریباً 125,000 روپے رکھی گئی ہے۔

اسکیبل کا دعوی ہے کہ ڈائمنڈ چپ کپڑے میں اون اور ریشم کے ساتھ ساتھ خردبینی ہیرے بھی شامل کیے جاتے ہیں۔ البتہ یہ کیسے کیا جاتا ہے؟ اسے کمپنی نے اپنا کاروباری راز قرار دیا ہے۔ کمپنی نے صرف اتنا بتایا ہے کہ یہ منفرد طریقہ ایسا ہے کہ اس کی مدد سے 24 قیراط سونا، پلاٹینم اور دیگر قیمتی پتھر بھی (خردبینی ٹکڑوں کی شکل میں) کپڑے کی بُنائی کا حصہ بنائے جاسکتے ہیں۔

اس کپڑے سے لباس کی سلائی بھی بہت مہنگی ہوتی ہے اور اس طرح ڈائمنڈ چپ سے سلے ہوئے صرف ایک ٹو پیس سوٹ کی قیمت 10 ہزار سے 15 ہزار ڈالر کے درمیان ہوتی ہے جو پاکستانی روپوں میں سولہ لاکھ سے پچیس لاکھ روپے بنتی ہے۔


https://www.youtube.com/watch?v=HFoFaON7Fao

اس کے خریداروں کی تعداد بہت کم ہے اور یہ کپڑا انتہائی مالدار لوگوں کےلیے ہی بنایا جاتا ہے۔ ایک درزی کے مطابق، اس کے پاس ڈائمنڈ چپ سے کپڑے سلوانے والے صرف چند گاہک ہیں جن میں سعودی عرب کا ایک جوڑا جبکہ نیویارک سے دو مزید گاہک ہیں۔

اب ظاہر ہے کہ جو لوگ کروڑوں روپے میں ایک گھڑی خریدتے ہوں، ان کےلیے ایک جوڑے کے پچیس تیس لاکھ برداشت کرنا کوئی بڑی بات نہیں۔
Load Next Story