ایڈیلیڈ ٹیسٹ انگلش ٹیم شکست کے دہانے پر پہنچ گئی

فتح آسٹریلیا سے 4وکٹ کی دوری پرموجود، اختتامی سیشن میں بارش کا امکان

ایڈیلیڈٹیسٹ: کیون پیٹرسن کی مایوس پویلین واپسی ، انھوں نے دوسری باری میں53 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست کے دہانے پر پہنچادیا، ناکامی سے بچنے کیلیے انگلش ٹیم بارش کی دعائیں مانگنے لگی، کینگروز کو مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں فتح کیلیے مزید 4 وکٹیں درکار ہیں۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 531 رنز کا ہدف پانے والی مہمان سائیڈ کی 247 رنز پر 6 وکٹیں گرگئیں، جوئے روٹ 87 اور کیون پیٹرسن 53 رنزبناکر پویلین چلتے بنے، ٹیم کو ابھی مزید 284 رنز درکار ہیں، اس سے پہلے آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 3 وکٹ 132 رنز پر ڈیکلیئرڈ کی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ایڈیلیڈ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز خوب مزاحمت کی اس کے باوجود شکست کے بادل گہرے ہوتے گئے، اب اس کی بچت صرف اسی صورت میں ہے کہ بروقت بارش آکر میچ کو ڈرا میں بدل دے، آخری روز محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی بھی ہے مگر یہ آخری حصے میں ہوسکتی ہے، اس کیلیے صبح کے سیشن میں بہرحال انگلینڈ کو پھر بھی بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔




آسٹریلیا نے ٹیسٹ میں فتح کیلیے انگلینڈ کو 531 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں دن کے اختتام تک مہمان سائیڈ نے 247 رنز پر 6 وکٹیں گنوادیں، کپتان الیسٹرکک کو ایک رن پر جونسن نے ہیرس کا کیچ بنایا، مائیکل کیربری بھی صرف 14 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، روٹ اور پیٹرسن نے تیسری وکٹ کیلیے 111 رنز کا اضافہ کیا تاہم 131 رنز پر پیٹرسن 53 رنز بناکر سڈل کی گیند پر بولڈ ہوگئے، پہلی اننگز میں 72 رنز پر ناٹ آئوٹ رہنے والے ای ین بیل نے اس بار اسٹیون اسمتھ کا شکار بننے سے قبل 6 رنز بنائے کیچ جونسن نے تھاما، روٹ 87 رنز پر ناتھن لیون کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، بین اسٹوکس کو 28 رنز تک پہنچتے ہی ہیرس نے دبوچ لیاکیچ جونسن نے تھاما۔ جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ کے 247 رنز پر 6 کھلاڑی آئوٹ ہوچکے تھے، ابھی فتح کیلیے اسے مزید 284 رنز درکار جبکہ صرف چار وکٹیں باقی ہیں۔اس سے پہلے آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 132 رنز تین وکٹوں پر ڈیکلیئرڈ کردی۔ ڈیوڈ وارنر 83 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیںلیں۔
Load Next Story