امریکا برطانیہ نے شامی باغیوں کی امداد بند کر دی

بعد ازخرابی بسیار امریکا اور برطانیہ نے شامی باغیوں کو امداد دینے کا سلسلہ معطل کر دیا ہے

شامی باشندوں کی ہلاکت کے بعد آخردنیا کے مہذب ترین ملکوں کو دنیائے اسلام کے قدیم ترین ملک پرترس آ ہی گیا. فوٹو:فائل

بعد ازخرابی بسیار امریکا اور برطانیہ نے شامی باغیوں کو امداد دینے کا سلسلہ معطل کر دیا ہے۔ لاکھ سے زاید شامی باشندوں کی ہلاکت اور کئی لاکھ کی تعداد میں ان کے بے گھر ہونے کے بعد آخر دنیا کے مہذب ترین ملکوں کو دنیائے اسلام کے اس قدیم ترین ملک پر ترس آ ہی گیا جس کے بعد امید کی جا سکتی ہے کہ وہاں اب قیام امن کی جانب پیشرفت ممکن ہو سکے گی۔

ویسے تو امریکا شام پر فوج کشی کرنے کے لیے تُلا بیٹھا تھا، وہ تو روس کے صدر پیوٹن نے تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو سختی سے روک دیا ورنہ عراق' لیبیا اور یمن وغیرہ کے بعد ایک اور عرب ملک امریکا کے پنجہ استبداد میں گرفتار ہو چکا ہوتا لیکن شام کی صورت حال خراب کرنے میں صرف امریکا اور اس کے مغربی اتحادی ہی قصور وار نہیں ہیں کیونکہ انھیں تحریک دینے والوں میں بعض سرکردہ عرب ممالک بھی شامل تھے بالخصوص خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک جو دراصل ایران کی مخالفت میں شام کے درپے ہو رہے تھے کیونکہ شام کی بشار الاسد حکومت کو ایران کی پشت پناہی حاصل ہے۔


امریکا تو اپنا بحری بیڑا بھی شام کی طرف روانہ کر چکا تھا مگر عین وقت پر صدر پیوٹن نے اپنے طیارہ بردار جہازوں کو سمندر میں اتار کر امریکا کا ارادہ متزلزل کر دیا تاہم اس کے باوجود مغربی ممالک کی طرف سے شامی باغیوں کی اسلحے کی کمک جاری رہی جب کہ بشار حکومت پر اس الزام کی تکرار کی جاتی رہی کہ وہ باغیوں کے خلاف کیمیاوی ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ امریکی اور برطانوی امداد کی بندش پر شامی باغیوں کی طرف سے مذمت کی گئی ہے۔

باغیوں کے ترجمان لوئی مقداد سعید کے مغربی میڈیا میں شایع ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ''ہمارے دوستوں نے مشکل کی گھڑی میں ہم سے کنارہ کر کے ہم پر بہت ظلم کیا ہے''۔ یہاں یہ حقیقت بے حد تعجب خیز ہے کہ بشار الاسد حکومت کے خلاف لڑائی کرنے والوں میں القاعدہ کے جنگجو بھی شامل ہیں جنھیں امریکا اور دیگر مغربی ممالک کی طرف سے امداد فراہم کی جا رہی تھی حالانکہ افغانستان میں امریکا کی دس سال سے جاری لڑائی بنیادی طور پر القاعدہ کے ہی خلاف ہے۔ گویا جہاں مغرب والوں کے اپنے مفاد کا سوال ہوتا ہے وہاں دہشت گرد مجاہدین بن جاتے ہیں اور مطلب نکلنے کے بعد مجاہدین پر دہشت گردوں کا لیبل لگا دیا جاتا ہے۔ بہر حال امریکا، برطانیہ کے اس فیصلے کے بعد شام میں جاری خانہ جنگی ختم ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
Load Next Story