جھوٹی انا کی تسکین نوجوان کرکٹرز کے کیریئر سے کھیلا جانے لگا

سلیکٹرز کی ہدایت کے باوجودعثمان خان کوکپتان نے درست انداز سے نہیں آزمایا

ون ڈے سیریز کیلیے محمد طلحہ اور عمر گل میں سے ایک کا انتخاب بدستور متوقع ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستانی کرکٹ کے ارباب اختیار جھوٹی انا کی تسکین کیلیے نوجوان کرکٹرز کے کیریئر سے کھیلنے لگے۔

پیسرعثمان خان کو سلیکٹرز کی ہدایت کے باوجود کپتان محمد حفیظ نے درست انداز سے نہیں آزمایا۔ ذرائع کے مطابق عثمان کو دبئی بھیجنے سے قبل سلیکٹرز نے حفیظ کو فون کر کے کہا تھاکہ ون ڈے قائد مصباح الحق بھی انھیں کھلانا چاہتے ہیں، اگر اچھی بولنگ کی تو منتخب کیا جا سکتا ہے،ورلڈٹی ٹوئنٹی بھی قریب ہے، ایسے میں اگر عثمان نے عمدہ بولنگ کی تو ٹیم کے کام آئے گا، اس موقع پر پیسر سے پہلا اوور کرانے پر اتفاق بھی ہو گیا، مگر میچ میں حفیظ نے خود نئی گیند تھام لی،انھوں نے عثمان سے تیسرا اوور کرایا، ابتدائی 6اوورز میں 5مختلف بولرز بولنگ کر چکے تھے، کپتان نے 9رنز دینے کے بعد نوجوان پیسر کو دوبارہ گیند تھمانا مناسب نہ سمجھا۔




ذرائع کے مطابق ایسا محسوس ہوا کہ عثمان کے انتخاب میں مشورہ نہ لینے پر حفیظ ناخوش تھے اس لیے انھوں نے اسے صرف ایک اوور دے کر اپنی اتھارٹی منوائی، قبل ازیں وہ اسکواڈ کی سلیکشن میں بھی عمل و دخل نہ ہونے کا اعلان کر چکے تھے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اب بھی ایک فاسٹ بولر کو یو اے ای بھیجا جا سکتا ہے، عمر گل اور محمد طلحہٰ اس دوڑ میں موجود ہیں، سلیکٹر اظہر خان ڈومیسٹک میچ میں دونوں کی کارکردگی پر نظر رکھیں گے۔

جنوبی افریقہ جانے سے قبل کپتان مصباح الحق کی خواہش تھی کہ یونس خان ایک بار پھر گرین کٹ زیب تن کریں مگر سلیکٹرز نے انھیں سابق قائد کی اختتامی 15،20اننگز کی کارکردگی دکھا کر قائل کیا کہ یہ فیصلہ مناسب نہ ہو گا، انھیں بورڈ کی اس پالیسی سے بھی آگاہ کیا گیا کہ عمر رسیدہ پلیئرز کے بجائے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے، اس کے باوجود اب بھی مصباح کے دل میں یونس کو ٹیم میں لینے کی خواہش برقرار ہے مگر اس کے لیے وہ صحیح موقع کی تلاش میں ہیں۔
Load Next Story