ون ڈے سیریز ’’خفیہ ہتھیار‘‘ عثمان بغیر آزمائش کے ہی کند قرار

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے واحد اوور میں پرفارمنس کی بنیاد پر انتخاب نہیں کیا گیا.


Sports Reporter December 13, 2013
ناقص کھیل کے سبب اوپنرناصر جمشید باہر،شرجیل خان خلا پُرکریں گے، ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت حارث سہیل کی واپسی فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان نے سری لنکا سے ون ڈے سیریز کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ ''خفیہ ہتھیار'' عثمان شنواری کو بغیر آزمائش کے ہی کند قرار دے دیاگیا،ٹی ٹوئنٹی میں واحداوور میں پرفارمنس کی بنیاد پر ان کا انتخاب نہیں ہوا۔

''ٹیلنٹ'' بدستور چھپا رہنے کے سبب عمر امین ڈراپ ہوگئے،آئوٹ آف فارم ناصر جمشید اس فارمیٹ کیلیے بھی قابل قبول نہ رہے، شرجیل خان ٹوئنٹی 20کے بعد ایک روزہ مقابلوں میں بھی ان کا خلا پُر کریں گے، ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت حارث سہیل کی واپسی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کیخلاف متحدہ عرب امارات میں شیڈول 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کیلیے 15 رکنی اسکواڈ منتخب کر لیا، نوجوان پیسر عثمان خان شنواری کو صرف ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ میں ایک میچ کی پرفارمنس پر انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع ملا، بدھ کو سری لنکا سے میچ میں محمد حفیظ نے ان سے صرف ایک اوور ہی کرایا، یوں خفیہ ہتھیار کی پوری طرح آزمائش نہ ہوسکی، اب سلیکٹرز نے انھیں ون ڈے سیریز میں آزمانے کا خطرہ مول نہیں لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ دنوں ڈومیسٹک فائنل کے دوران قذافی اسٹیڈیم میں موجود پی سی بی کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی فاٹا سے تعلق رکھنے والے بولر کی صلاحیتوں کے کچھ زیادہ ہی معترف ہوگئے تھے۔

ان کے ایما پر ہی شنواری کو فوری طور پر منتخب کیا گیا۔ دریں اثنا سلیکٹرز نے عمر امین اور ناصر جمشید کو ڈراپ کرتے ہوئے شرجیل خان اور حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کر لیا، نظر انداز ہونے والے دونوں کرکٹرز دورئہ جنوبی افریقہ میں میزبان ٹیم کیخلاف اولین ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے والے اسکواڈ میں شامل تھے لیکن ان کی انفرادی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی۔ ناصر جمشید نے2 میچز میں صرف 26 بنائے۔



عمر امین واحد میچ میں 25 رنز اسکور کرسکے،مڈل آرڈر بیٹسمین سری لنکا کیخلاف بدھ کو پہلے ٹوئنٹی20 مقابلے میں 8رنز تک محدود رہے، 24 سالہ اوپنر شرجیل خان نے افغانستان سے مختصر فارمیٹ کے میچ میں ڈیبیو کیا تھا، سری لنکا کے مقابل انھوں نے پُراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے34 کی اننگز کھیلی، ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کی بنیاد پر حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوگئی

نوجوان بیٹسمین نے جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20ڈیبیو کیا تھا، بعد ازاں انھوں نے 4ون ڈے میچز بھی کھیلے جن میں سے آخری اگست میں زمبابوے سے تھا، موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے انھیں عمر امین پر ترجیح دی گئی۔ فٹنس مسائل کے شکار فاسٹ بولرز عمر گل اور محمد عرفان کو سیریز کیلیے زیر غور نہیں لایا گیا،پروٹیز کے خلاف سیریز سے قبل زخمی ہونے والے آل رائونڈرز عبدالرزاق اور شعیب ملک بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، ذولفقار بابر کو بھی صرف ٹوئنٹی 20تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ مصباح الحق(کپتان)، محمد حفیظ (نائب کپتان)، احمد شہزاد،شرجیل خان، اسد شفیق، عمر اکمل، حارث سہیل، صہیب مقصود، شاہد آفریدی،سعید اجمل، انور علی، بلاول بھٹی، جنید خان، سہیل تنویر اور عبدالرحمان۔