جونئیر ہاکی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جرمنی کو نیدر لینڈ کا چیلنج درپیش

ملائیشیا کا فرانس سے مقابلہ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی،نویں پوزیشن کیلیے کل بھارت سے ٹکرائو ہو گا

ملائیشیا کا فرانس سے مقابلہ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی،نویں پوزیشن کیلیے کل بھارت سے ٹکرائو ہو گا. فوٹو:فائل

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز میں جمعے کے روز دفاعی چیمپئن جرمنی کو نیدر لینڈز جبکہ ملائیشیا کو فرانس کا چیلنج درپیش ہوگا،پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 4 گول سے زیر کر لیا،9 ویں پوزیشن کیلیے روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہونا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں جاری ایونٹ کے کوارٹر فائنلز میں فرانس نے بیلجیئم کو 5-4 جبکہ ملائیشیا نے کوریا کو2-1 سے قابو کیا، دفاعی چیمپئن جرمنی کی ٹیم آسٹریلیا پر 4-3 سے غالب رہی، ہالینڈ نے نیوزی لینڈ کو3-2 سے شکست دی۔ ٹائٹل معرکہ میں رسائی کیلیے جمعے کو فرانس کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا، دفاعی چیمپئن جرمنی کی ٹیم ہالینڈ سے نبرد آزما ہوگی۔




دوسری جانب پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف 4 گول سے کامیابی حاصل کی، تاریخ میں پہلی بار کوارٹر فائنل کھیلنے سے محروم رہنے والے اسکواڈ نے نویں منٹ میں محمد دلبر کے گول کی بدولت برتری حاصل کرلی، پہلے ہاف کا اسی اسکور پر خاتمہ ہوا، وقفے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے مزید جارحانہ رویہ اپنایا،42 ویں منٹ میں عماد شکیل بٹ نے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ 2-0 کردیا، صرف2منٹ بعد عماد شکیل نے پنالٹی کارنر پر ایک اور گول کرتے پاکستان کی برتری 3-0 کردی، محمد عرفان نے61 ویں منٹ میں چوتھا اور فیصلہ کن گول داغا۔ دوسری طرف نویں سے 12 ویں پوزیشنز کے ایک اور میچ میں بھارت نے ارجنٹائن کو4-2 سے زیر کرلیا۔ ہفتے کو روایتی حریفوں کے مابین مقابلے سے نویں اور دسویں پوزیشن کا فیصلہ ہوگا۔
Load Next Story