آغاعلی نے پشتو زبان سے متعلق تبصرے کی ویڈیو پر معافی مانگ لی

پٹھان پاکستان کی سب سے محنتی قوم ہے، آغا علی

پٹھان پاکستان کی سب سے محنتی قوم ہے، آغا علی۔ فوٹو: فائل

اداکار آغا علی نے پشتو زبان سے متعلق تبصرے کی ایک پانچ سال پرانی ویڈیو پر معافی مانگ لی۔

چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں فیصل قریشی، آغا علی اور نیلم منیر نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں آغا علی نیلم منیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتا رہے ہیں کہ شوٹ کے دوران ہم بیٹھے ہوتے ہیں تو اچانک نیلم کے پاس کال آتی ہے جس کے بعد اچانک سے کوئی پشتو میں بات کرنا شروع کر دیتا ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=cdjeqnuhg4Q

آغا علی کی بات پر وہاں میزبان سمیت تمام ہی شرکاء ہنسنے لگے جس کے بعد آغا اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ پشتو زبان سننے کے بعد جب آپ اپنے ارد گرد دیکھتے ہیں تو وہ اداکارہ جس سے آپ کو مثبت احساس محسوس ہوتا ہے وہ پشتو میں بات کر رہی ہوتی ہے۔




ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آغا علی پر کچھ صارفین کی جانب سے تنقید بھی کی گئی جس پر اداکار نے اپنی ٹوئٹ میں معذرت کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ پانچ سال پرانی اس ویڈیو کلپ کو دیکھ کر اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت چاہتا ہوں۔ جب کہ دوسری بات یہ ہے کہ جس پٹھان سے یہ مذاق ہو رہا تھا وہ خود بھی بے ساختہ ہنس رہی تھیں کیوں کہ انہیں پتا تھا کہ میں کس ارادے سے بات کر رہا ہوں لیکن میں پھر بھی معذرت چاہتا ہوں۔



آغا علی نے اپنی دوسری ٹوئٹ میں کہا کہ میں نے کئی شوز میں کہا کہ پٹھان پاکستان کی سب سے محنتی قوم ہے لیکن افسوس کہ لوگ اس طرح کی میری باتیں وائرل نہیں کرتے۔ خیر میں نے ایک پٹھان وزیر اعظم کو ووٹ دیا ہے کیوں کہ میں پٹھانوں کو اتنا قابل سمجھتا ہوں۔
Load Next Story