مون سون سسٹم کمزور آج ہلکی بارش کا امکان

ابرآلود موسم کی وجہ سے شہر کا موسم خوشگوارہوگیا،دن کے وقت چند علاقوں میں تیز دھوپ بھی نکلی

آج شام کے بعد تیز بارشوں کا امکان کم رہ جائے گا،مطلع جزوی اور مکمل ابرآلود رہے گا،سردار سرفراز ۔ فوٹو : فائل

شہر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سبب بننے والے مون سون سسٹم کی شدت کم ہوگئی اور آج شہر میں معتدل بارشوں کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق مون سون کی حالیہ بارشوں کا سسٹم پہلے کے مقابلے میں کمزور پڑگیا ہے، شہر میں پانچویں سسٹم کا کافی حصہ سمندر میں جنوب کی جانب جب کہ کچھ حصہ شمال مغرب میں بلوچستان کی کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم جو اثرات شہر پر موجود ہیں اس کے نتیجے میں آج کو معتدل جبکہ کہیں کہیں تیز بارشوں کا امکان ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :مون سون کی طوفانی بارشوں نے کراچی کو ڈبودیا


سردار سرفراز کے مطابق مون سون سسٹم کو بحیرہ عرب سے مسلسل نمی مل رہی ہے، آج دوپہر تک سسٹم مزید کمزور پڑسکتا ہے، کراچی میں جمعرات کی شام کے بعد تیز بارشوں کا امکان کم رہ جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.7 اور کم سے کم 24.5 ڈگری رہا۔

یہ بھی پڑھیں :طوفانی بارشوں میں مجموعی اموات کی تعداد 99 ہوگئی

منگل اوربدھ کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقوں میں معتدل بارش ہوئی جب کہ علی الصبا ح بھی کچھ علاقوں میں بونداباندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، مکمل ابرآلود موسم کی وجہ سے شہر کا موسم خوشگوار رہا، دن کے وقت چند علاقوں میں تیز دھوپ بھی نکلی۔

بدھ کو سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر 7.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، صدر اور مسرور بیس پر 5 ملی میٹر،گلشن حدید 4، جناح ٹرمینل پر 3.2،لانڈھی اور اولڈ ایئرپورٹ پر3.1، ،سرجانی ٹاؤن اورنارتھ کراچی میں2 جبکہ ناظم آباد میں 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
Load Next Story