آئندہ 10 روز تک کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا امکان ختم

جمعے سے پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

کراچی میں آئندہ 10 روز کے دوران خشک موسم امدادی کاموں کے لئے معاون ہوگا، محکمہ موسمیات۔۔ فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے 10 دن کے دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سندھ کے شہریوں کیلئے اچھی خبر ہے کہ محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارشوں کا سلسلہ تھمنے کی خبر سنادی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کاسلسلہ تھم چکا ہے اور اگلے 10 دن کے دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم اس دوران اِکادْکا مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، جب کہ کراچی میں آئندہ 10 روز کے دوران خشک موسم امدادی کاموں کے لئے معاون ہوگا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کے روز ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے، اور اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم ، چکوال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر اور سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے سے کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پرموسلادھار بارش کی بھی توقع ہے، تیز بارش سے راولپنڈی ، گوجرانوالہ، لاہور میں نشیبی علاقے زیر آب آنے اور یبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
Load Next Story