کراچی میں ایک ہفتے کے دوران دوسری رہائشی عمارت منہدم 2 افراد جاں بحق

شہرمیں حالیہ بارشوں کے بعد مخدوش ہونے والی تمام عمارتوں کا فوری سروے کرکے انہیں خالی کرالیا جائے گا، کمشنر کراچی

چار روز میں یہ عمارت گرنے کا کراچی میں دوسرا واقعہ ہے(فوٹو، ایکسپریس)

لیاری کے علاقے بہارکالونی میں کوئلہ گودام کے قریب زیر تعمیر مکان کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا جس کے ملبے تلے دب کر2 محنت کش جاں بحق اور 11 مزدور زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق اتوارکی صبح چاکیواڑہ تھانے کے علاقے لیاری بہارکالونی کوئلہ گودام تانگہ اسٹینڈ کے قریب250 گزرکی پلاٹ پرتعمیرایک منزلہ مکان کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا جس کے ملبے تلےمتعدد افراد دب گئے،مکان زمین بوس ہونے کی اطلاع پر پولیس ،رینجرزایدھی فاؤنڈیشن ،چھیپا ویلفیئر اور دیگررضا کارتنظیموں کے نمائندے موقع پر پہنچ گئے اورفوری طورمکان کے ملبے تلے دبے افراد کونکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران مکان کے ملبے تلے دبے 13 افراد کو زخمی حالت میں نکال کرسول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 2 افراد دوران علاج دم توڑ گئے۔حادثے میں جاں بحق اورزخمی ہونے والے تمام افراد محنت کشن اور کے پی کے باجوڑایجنسی کے رہائشی ہیں۔

عمارت کے مالک جان محمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ گراؤنڈ فلورپرخالی گودام تھا اور پہلی منزل پر مزدور عارضی طورپررہائش پذیرتھے۔ مکان سے متصل پلاٹ پرٹھیکدارفاروق شاول کے ذریعے کھدائی کا کام کرارہا تھا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ شاول کا ڈرائیورانتہائی کم عمر تھا اور کام کے دوران شاول مکان سے ٹکرایا جس کے بعد ان کے مکان کی لینٹر ڈلی چھت زمین پرآگری جس کے ملبے تلے متعدد مزدور دب گئے۔ حادثے کے بعد ٹھیکدارفاروق اورشاول چلانے والا ڈرائیورموقعے سے فرار ہوگیا۔


واقعے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی نفری بھی پہنچ گئی ہیں جب کہ لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ کراچی میں چار روز کے اندر یہ رہائشی عمارت گرنے کا دوسرا واقعہ ہے۔

کمشنرکراچی سہیل راجپورت نے زمین بوس ہونے والے مکان کے دورہ کیا اورریسکیوآپریشن کا جائزہ لیا۔میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہرمیں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد مخدوش ہونے والی تمام عمارتوں کا فوری سروے کرکے انہیں خالی کرالیا جائے جبکہ غیرقانونی تعمیرات کو فوری رکواکر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اللہ والا ٹاؤن میں گرنے والی عمارت کے حوالےسے انکوائری میں ڈی سی کورنگی سے پوچھا گیا ہے کہ عمارت کا بلڈرکون ہے اور اس بات کے تعین کے بعد اس بلڈرکے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔عمارت گرنے سے جن لوگوں کا نقصان ہوا اسے بلڈر کے ذریعے پورا کرایا جائے گا۔
Load Next Story