مشال قتل کیس کے مجرم عمران کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

پشاور ہائی کورٹ نے مشال قتل کیس کے مجرم عمران کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔

ہائی کورٹ نے مشال قتل کیس میں مجرموں کی اپیلوں کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عمران کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا تاہم باقی ملزمان کی سزاؤں کو برقرار رکھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ مشال خان قتل کیس میں ایک مجرم کوسزائے موت، 5 کوعمر قید اور 26 بری

عدالت نے عمر قید کی سزا پانے والے عارف کونسلر اور اسد ضیا سمیت 7 مجرموں کی سزاؤں کو برقرار رکھا۔ پشاور ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا 25 ملزمان کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا اور ان کی تین سال کی سزا کو برقرار رکھا۔

13 اپریل 2017 کو عبد الولی خان یونیورسٹی مردان میں 23 سالہ طالب علم مشال خان کو مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ مشال قتل کیس میں 2 ملزمان کو عمر قید کی سزا، 2 بری

مشال خان قتل کیس میں مجموعی طور پر 61 ملزموں کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں مرکزی ملزم عمران کو 2 بار سزائے موت، 7 ملزمان کو عمرقید جب کہ 25 ملزمان کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔