بھارت کے خلاف ڈرا میچ سے پروٹیز پر انگلیاں اٹھنے لگیں

ہوم کراؤڈ کے طعنے جنوبی افریقی پلیئرز کا سینہ چھلنی کرگئے، اسٹین زیادہ مایوس

ڈربن: بھارتی کپتان دھونی پریکٹس سیشن میں ساتھی پلیئر اوجھا کے ساتھ فٹبال کھیل رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

جوہانسبرگ میں بھارت کے خلاف ڈرا میچ سے پروٹیز پر انگلیاں اٹھنے لگیں، فتح کے قریب پہنچ کر قدم روک لینے پر سابق کرکٹرز کی حیرانی تاحال ختم نہ ہوئی، ہوم کرائوڈ کے طعنے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کا سینہ چھلنی کرگئے، اسٹین زیادہ مایوس ہیں۔

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو بھارت کے خلاف ورلڈ ریکارڈ 458 رنز کا ٹوٹل حاصل کرکے تاریخ کا حصہ بننے کا موقع میسر آیا،مگر آخر میں 19 بالز پر درکار 16 رنز ہی نہیں بن پائے تھے، اس وقت وکٹ پر ورنون فلینڈر اور ڈیل اسٹین تھے، تین وکٹیں ہاتھ میں ہونے کے باوجود ان دونوں نے فتح کے بجائے میچ کو ڈرا کرنے کی کوششیں شروع کردیں، فلینڈر دوسرے اینڈ سے اسٹین کو سمجھاتے ہوئے دکھائی دیے کہ انھیں رن لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ سابق کرکٹرز نے اس نتیجے پر کافی حیرت ظاہر کی۔ کلائیو رائس کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں تو جنوبی افریقہ سے چوک ہوئی ہے، جب آپ فتح کے قریب پہنچ چکے ہوں تو پھر اس قسم کی کرکٹ نہیں کھیلی جاتی، اگر جنوبی افریقہ میچ جیتنے کی کوشش کرتا اور اسے شکست بھی ہوجاتی تب بھی زیادہ عزت ملنی تھی، مجھ سے آخری چند گیندیں دیکھی ہی نہیں گئیں میں غصے میں کمرے سے ہی باہر آگیا تھا۔




سابق کوچ اور کرکٹر رے جیننگز نے کہاکہ میں اس بات پر حیران ہوں کہ آخر یہ فیصلہ کیا کس نے تھا، کہا تو یہ جارہا ہے کہ یہ فیصلہ فلینڈر اور اسٹین نے خود ہی وکٹ پر لیا مگر مجھے پورا یقین ہے کہ حکم ڈریسنگ روم سے آیا ہوگا۔ یادرہے کہ میچ کے اختتام پر جب اسٹین اور فلینڈر گرائونڈ سے باہر آرہے تھے تو وہاں موجود شائقین نے ان کیخلاف شدید نعر ے بازی کی، دونوں کے سینے اس طعنے بازی سے چھلنی ہوچکے ہیں ۔ابراہم ڈی ویلیئرز ڈرا کوہی بہتر نتیجہ قرار دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اس میچ کو ڈرا کرنے کا ذمہ دار ہے تو وہ میں، ڈو پلیسی، ڈومنی یا پھر کسی حد تک فلینڈر ہیں جہاں تک اسٹین کا سوال ہے جب وہ میدان میں اترے تو اس وقت ہمارا ایک ہی مقصد اور وہ میچ بچانا تھا۔
Load Next Story