مقبوضہ کشمیر کشن گنگا پاور پروجیکٹ کے خلاف مظاہرہ پولیس کا کریک ڈاؤن

بھارت کی ہائیڈروالیکٹرک پاور کارپوریشن اور انتظامیہ ہم سے آمروں جیسا سلوک کر رہی ہے، مقامی افرادکی بات چیت

مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر شدید نعرے بازی کی جس سے احتجاج میں شدت آگئی ۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں متنازع کشن گنگا پاور پروجیکٹ کے خلاف ضلع بانڈی پورہ کے رہائشیوں کا احتجاج منگل کو مسلسل 14ویں روز بھی جاری رہا۔

اطلاعات کے مطابق منصوبے سے متاثرہ افراد نے علاقے میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجودمتری گام میں 330میگا واٹ کے متنازعہ بجلی گھر کے کئی آپریشنل مقامات کا محاصرہ کیا۔ انتظامیہ کی طرف سے مظاہرین پر کریک ڈائون کی کوشش پر اسے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی سی آر پی ایف اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے ۔ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر شدید نعرے بازی کی جس سے احتجاج میں شدت آگئی ۔




لوگوں نے انتظامیہ کی بے حسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ انہیں ہراساں کرنیکی بجائے ان کے مطالبات پورے کرے۔ ایک مقامی شخص محمد سلطان نے بتایا کہ بھارت کی ہائیڈروالیکٹر ک پاور کارپوریشن اور انتظامیہ ان سے آمروں جیسا سلوک کر رہی ہے اور ان کے جائز مطالبات پورے اور مسائل کا ازالہ نہیں کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگ ماحولیاتی تحفظ ،بحالی کے منصوبے ، روزگار کی فراہمی ، کارپوریشن کے زیر قبضہ 8کنال اراضی کی واگزاری اور زمین کے معاوضے کی ادائیگی کیلیے کارپوریشن کے ساتھ طے کئے گئے معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ کررہے ہیں۔
Load Next Story