ایئرپورٹ پر پھنسے 200 اسرائیلی سیاحوں کو دبئی میں داخلے کی اجازت

سیاحوں کو الیکٹرانک ویزہ فارم بھرنے کے بعد ملک میں داخلے کی اجازت دیدی گئی

اسرائیلی سیاحوں کو الیکٹرانک ویزہ فارم بھرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی، فوٹو : فائل

اسرائیل سے متحدہ عرب امارات آنے والے 200 سیاحوں کو کئی گھنٹے دبئی ایئرپورٹ پر روکنے کے بعد داخلے کی اجازت دیدی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آج صبح اسرائیل سے فلائی دبئی کے ذریعے دبئی ایئرپورٹ پہنچنے والے سیاحوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تھی جس کے باعث اسرائیلی سیاح ایئرپورٹ پر ہی پھنس گئے تھے۔


اسرائیلی سیاحوں کے دبئی ایئرپورٹ پر پھنس جانے پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان رابطے ہوئے اور کئی گھنٹوں بعد سیاحوں کو متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے کی اجازت دیدی گئی۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ ایک غلط فہمی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا، دبئی ایئرپورٹ پر سیاحوں نے الیکٹرانک ویزا فارم بھرے جس کے بعد انہیں ملک میں داخل ہونے کی اجازت مل گئی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شہریوں کے لیے ویزہ فری سروس پر اتفاق کیا گیا تھا۔
Load Next Story