نیو کراچی میں دکان سے 50 لاکھ کا سونا چوری چور تجوریاں لے اڑے

نیوکراچی صرافہ بازارمیںرات کو4بجے6چوروںنے سنارکی دکان کے تالے اورگیٹ کٹرسے کاٹے،چورتجوریاں کارمیں رکھ کر فرار

واردات کاعلم صبح پڑوسی سناروں کے دکان پہنچنے پرہوا،چوری کی فوٹیج پولیس کومل گئی۔ فوٹو: فائل

نیو کراچی سیکٹرالیون ای میں صرافہ بازار میں سنار کی دکان میں نقب زنی کی واردات کے دوران چور لاکھوں روپے مالیت کے سونے سے بھری2 تجوریاں لے اڑے، 6 سے زائد چور 50لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات لے کر فرار ہوگئے۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب نیو کراچی تھانے کی حدود نیوکراچی سیکٹر الیون ای میں سندھ گورنمنٹ اسپتال کے قریب صرافہ بازار میں چوروں نے سنار کی دکان کے تالے اور آہنی گیٹ کٹر کی مدد سے کاٹا اور دکان سے کچھ ہی دیر میں لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات سے بھری 2 تجوریاں لے اڑے۔

نقب زنی کی واردات کی اطلاع ملنے پر دکاندار موقع پر پہنچ گئے اور اطلاع ملنے نیو کراچی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، نقب زنی کی واردات کے خلاف صرافہ مارکیٹ کے دکانداروں نے احتجاج شروع کردیا۔


متاثرہ سنار شمشاد رفیق نے بتایا کہ نقب زنی کی واردات رات گئے ساڑھے 4 بجے سے 5 بجے کے درمیان ہوئی ہے نامعلوم چور 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات سے بھری 2 تجوریاں لے اڑے ہیں، نقب زنی واردات کی اطلاع صبح پڑوسی سنار کی جانب سے دی گئی اور جب وہ موقع پر پہنچے تو پوری جیولری شاپ اجڑچکی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے جس میں چوروں کا گروہ واردات کرتے ہوئے واضح نظر آرہا ہے ، چوروں نے طلائی زیورات سے بھری تجوری ایک سیاہ رنگ کی کار میں لادی اور موقع سے فرار ہوگئے، نقب زنی کی واردات میں ملوث چوروں کی تعداد 6 سے زائد معلو ہوتی ہے۔

صرافہ بازار کے سناروں نے واردات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نقب زنی کی واردات میں ملوث چوروں کو فی الفور گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے اور لوٹے جانیوالے زیورات برآمد کیے جائیں، نیو کراچی پولیس نے فنگر پرنٹس اور شواہد اکٹھے کرلیے ، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی تحویل میں لے لی ہے۔

 
Load Next Story