مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بولروں سے امیدیں باندھ لیں

دونوں ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کی خامیوں اور خوبیوں کو جانتے ہیں اس لئے اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، مصباح الحق

سری لنکا کے خلاف کامیابی کے لئے ہر کھلاڑی کو بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی، قومی کپتان۔ فوٹو: اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سری لنکا آسان حریف نہیں اس لئے ہمیں جیت کے لئے ان سے بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا اور وہ امید کرتے ہیں کہ ون ڈے کی طرح ٹیسٹ سیریز میں بھی بولرز اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

ابوظہبی میں پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ بالکل مختلف نوعیت کے مقابلے ہوں گے، سری لنکن کھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات کے موسمی حالات میں کھیلنے کی عادت ہے، دونوں ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کی خامیوں اور خوبیوں کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں، اس کے علاوہ کمارا سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے جیسے کھلاڑیوں کی وجہ سے سری لنکن ٹیم ایک خطرناک حریف ہے، موجودہ صورت حال میں پاکستان کو سری لنکا پر بولنگ کی وجہ سے کسی حد تک برتری حاصل ہے تاہم سری لنکن ٹیم میں بھی ہیراتھ رنگانا جیسا بولر شامل ہے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ ٹیسٹ سیریز میں اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔


مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف کامیابی کے لئے ہمیں بنیادی چیزوں پر عمل کرنا ہو گا ہر کھلاڑی کو بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی، پاکستان کے بالرز خصوصی طور پر سعید اجمل نے گزشتہ سیریز میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ امید کرتے ہیں کہ موجودہ سیریز میں بھی ان کی بونگ ہمارے لئے اہم ثابت ہوگی۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ ہیراتھ رنگانا اور مہیلا جے وردھنے جیسے کھلاڑیوں کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے، ایسی صورتحال میں پاکستان کو کسی صورت بھی فیوریٹ قرار نہیں دیا جاسکتا۔
Load Next Story