مالی میں فرانس کے طیاروں کی شادی کی تقریب پر بمباری، 20 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 6 جنوری 2021
فرانسیسی فوج کا دعویٰ ہے کہ حملہ جنگجوؤں کے ٹھکانے پر کیا گیا، فوٹو : فائل

فرانسیسی فوج کا دعویٰ ہے کہ حملہ جنگجوؤں کے ٹھکانے پر کیا گیا، فوٹو : فائل

بماکو: افریقی ملک مالی میں شادی کی تقریب پر فرانس کے جنگی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مالی کے دارالحکومت بماکو سے 600 کلومیٹر دور واقع گاؤں پر فرانس کے جنگی طیاروں نے حملے کیے۔ حملے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں 20 ہلاکتیں ہوئیں۔

فرانسیسی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملہ انٹلی جنس بنیادوں پر حاصل ہونے والی معلومات کی بنا پر جنگجوؤں کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں شہریوں کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانسیسی طیاروں نے ایک ایسے گھر کو نشانہ بنایا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی اور مرنے والے گاؤں کے نہتے شہری تھے۔

ادھر مالی میں اقوام متحدہ کے مشن نے بھی گاؤں پر فضائی حملے کی تصدیق کی ہے تاہم کسی قسم کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ اسی طرح مالی کی حکومت نے بھی اس واقعے پر چپ سادھ رکھی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی داعش نے مالی میں ایک کارروائی کے دوران فرانسیسی فوج کے 2 اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور فرانس کے اس فضائی حملے کو اپنے اہلکاروں کا بدلہ لینے کی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔