ملک بھر میں ریکارڈ توڑ سردی ہر جانب سرد ہواؤں کا راج

گزشتہ رات اسلام آباد میں 46 برس اور کوئٹہ میں گزشتہ 40 سال کی سب سے سرد ترین رات رہی۔

کوئٹہ میں سردی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں ٹھنڈ کا دہائیوں پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے بلند و بالا پہاڑوں سے سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں تک ملک بھر میں شدید سردی جاری ہے، بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں، گلگت بلتستان ، مالاکنڈ ڈویڑن اور قبائلی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش نے لوگوں کی قلفی جما دی ہے، شمالی وزیرستان کے کئی علاقوں میں 5 سال بعد پہلی مرتبہ برف باری ہوئی ہے، برفباری کی وجہ سے کئی علاقوں کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی راستہ مکمل طور پر معطل ہوگیا ہے، لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ تفریحی مقامات میں سناٹے چھائے ہوئے ہیں۔


گزشتہ رات اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ 46 برسوں کے دوران کسی بھی وقت کا کم ترین درجہ حرارت ہے، لاہور، فیصل آباد، لاڑکانہ اور موئن جو دڑو میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد پر پہنچ چکا ہے، ٹھنڈ کے سب سے کاری وار شمال مشرقی بلوچستان میں جاری ہیں جہاں گزشتہ روز قلات میں درجہ حرارت منفی 16، کوئٹہ میں منفی 13 اور دالبندین میں منفی 9 رہا جس کی وجہ سے ان علاقوں میں گزشتہ 40 سال کی سب سے سرد ترین رات رہی۔ سردی کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ ندی نالوں اور جھیلوں کے علاوہ سڑک پر موجود پانی بھی جم چکا ہے اور پائپوں سے پانی کے بجائے برف نکل رہی ہے۔ کوئٹہ کی یخ بستہ ہواؤں نے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی سردی کی لہر میں اضافہ کردیا ہے، کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور آئندہ 2 روز تک سردی کی شدتمیں کسی بھی قسم کی کمی نہ ہونے کی خبر سنائی ہے۔
Load Next Story