امریکی صدر اور برطانوی وزیراعظم کی ٹیلی فونک گفتگو، اہم امور پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک  اتوار 24 جنوری 2021
برطانوی وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدوں کی خواہش کا اظہار کیا، فوٹو : رائٹرز

برطانوی وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدوں کی خواہش کا اظہار کیا، فوٹو : رائٹرز

واشنگٹن / لندن: امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن اور برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے ٹیلی فونک گفتگو میں نئے تجارتی معاہدوں اور کورونا وبا پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے حلف اُٹھانے کے بعد عالمی قیادت سے ٹیلی فونک رابطے شروع کردیئے ہیں۔ برطانیہ، کینیڈا، میکسیکو سمیت کئی ممالک کے سربراہان سے گفتگو کی اور باہمی امور کی دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا۔

برطانوی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  بورس جانسن اور جوبائیڈن نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران امریکا اور برطانیہ کے باہمی تعلقات، تجارت کے فروغ، کورونا وبا پر تعاون، عالمی سیاست اور دیگر معاملات پر گفت و شنید کی۔

قبل ازیں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے کہا تھا کہ کورونا وبا پر قابو پانا اور اس حوالے سے 19 کھرب ڈالر کا امدادی پیکیج صدر جوبائیڈن کی اولین ترجیح ہیں اس لیے فی الحال برطانیہ کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے کی ٹائم لائن نہیں دی جا سکتی۔

دوسری جانب صدر بائیڈن نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو سے بھی ٹیلی فون پر بات کی اور اسٹون آئل پائپ لائن منصوبے کی منسوخی پر جسٹن ٹروڈو کی مایوسی کے اظہار پر امریکی موقف پیش کیا اور منصوبے سے متعلق اشکال کو دور کرنے کی کوشش کی۔

یاد رہے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے چند روز قبل ہی جوبائیڈن کی جانب سے ’کی اسٹون آئل پائپ لائن منصوبے‘ کو منسوخ کرنے کے اعلان پر کھلے عام سخت مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔