کوئٹہ ایس پی انویسٹی گیشن نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق مستونگ میں نیٹو کے 2کنٹینرز نذر آتش

جمیل کاکڑ دہشت گردی کیخلاف ہر اول دستے کا کرداراداکررہے تھے،سی سی پی او،کالعدم لشکر جھنگوی نے ذمے داری قبول کرلی۔

کوئٹہ میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن جمیل کاکڑکی میت اسپتال لانے پر ان کا عزیز زار و قطار رو رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

کوئٹہ کے علاقے ایئر پورٹ روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایس پی انویسٹی گیشن محمد جمیل کاکڑ جاں بحق ہوگئے۔

ایک راہ گیر بھی زخمی ہوگیا ، پولیس کے مطابق جمیل احمد کاکڑ اکیلے گاڑی میں عدالت جارہے تھے، ایئرپورٹ روڈ پر موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر غلام محمد بھی زخمی ہوگیا ، سی سی پی او کوئٹہ اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس لائن میں مقتول کی نماز جنازہ اداکی گئی۔


اس موقع پر پولیس کے دستے نے شہید کو سلامی پیش کی،واقعے کے خلاف مقتول کے لواحقین اور علاقے کے لوگوں نے پانچ گھنٹے تک ایئرپورٹ روڈ پر ٹائرجلاکر احتجاج کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگئی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آئی جی بلوچستان طارق عمر نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاکہ یہ تو جنگ ہے جس میں ہمارے جوان اور آفیسر قربانیاں دے رہے ہیں ،یہ جنگ پورے معاشرے پر چھائی ہوئی ہے، بلوچستان پولیس بہادری سے مقابلہ کررہی ہے دہشت گردی کو ختم کرکے ہی دم لیں گے،سی سی پی او میر زبیر محمود کا کہنا تھا کہ جمیل کاکڑ ایک نڈر آفیسر اور دہشت گردی کے خلاف ہر اول دستے کا کرداراداکررہے تھے۔

این این آئی کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی نے ایس پی جمیل کاکڑ کے قتل کی ذمے داری قبول کرلی ہے ، ترجمان ابوبکر صدیق نے جمعے کو فون پر بتایا کہ جمیل کاکڑ ہمارے ساتھیوں شہید نصیر احمد رئیسانی اور حافظ وزیر احمد بنگلزئی کی شہادت میں ملوث تھا یہ ہمارے ساتھیوں کی شہادت کا انتقام ہے۔ادھر مستونگ دشت کے علاقے میں نامعلوم افراد نے نیٹو فورسز کے دو کنٹینرز کو تیل چھڑک کرآگ لگادی جس سے کنٹینرز میں موجود سامان جل گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
Load Next Story