میتھیوز نے پاکستانی پیس بیٹری کا فیوز اڑا دیا

138کی شراکت،ٹیم نے5وکٹ پر420کا مجموعہ پایا،241کی برتری،بولرز3 سیشنزمیں صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے

ابوظبی: شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز انجیلو میتھیوز کا آف سائیڈ کی جانب شاٹ، انھوں نے ناقابل شکست سنچری سے پاکستان کے خلاف میچ میں ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔ فوٹو: اے ایف پی

میتھیوز نے پاکستانی پیس بیٹری کا فیوز اڑا دیا، سری لنکن کپتان ابوظبی ٹیسٹ کے چوتھے روز ناقابل شکست سنچری سے ممکنہ شکست کو پرے دھکیلنے میں کامیاب ہوگئے۔

چندیمل نے 89رنزکی اننگز کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ دیا، دونوں نے138کی شراکت بنائی، میتھیوز کی پرسنا جے وردنے کے ہمراہ 99 رنز کی پارٹنر شپ کھیل کے اختتام تک جاری رہی،ٹیم نے 5وکٹ پر 420کا مجموعہ پایا، یوں 241 رنز کی برتری حاصل ہو گئی، پہلی اننگز میں تباہی پھیلانے والے میزبان بولرز 3سیشنز میں صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے، نئی گیند سے بھی کوئی کمال دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکا، سعید اجمل کا جادو نہ چل پایا، تیسرے روز فتح کیلیے فیورٹ نظر آنے والی میزبان سائیڈ ہفتے کو بقاکی جنگ لڑنے پر مجبور ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے کپتان انجیلو میتھیوز اور دنیش چندیمل کی شاندار بیٹنگ سے ابوظبی ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم کر لی،کم روشنی کے سبب چوتھے روزکے کھیل کا قبل از وقت اختتام ہوا، ٹیم 5وکٹ پر 420 رنز کا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجاکر پاکستانی امیدوں کا چراغ گل کرچکی تھی، آئی لینڈرز نے4 وکٹ پر 186 رنز سے نامکمل اننگز شروع کی۔




کپتان نے مڈل آرڈر بیٹسمین کے ہمراہ انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لنچ تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی، پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم کو204 رنز تک محدود رکھنے والی پیس بیٹری کے تمام حملے غیر مؤثر ثابت ہوئے،بولرز نئی گیند سے بھی کوئی کمال دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکے،سری لنکا نے ٹوٹل 285 تک پہنچادیا۔ وقفے کے بعد دوسرے ہی اوور میں دنیش چندیمل کو 71 رنز پر ایک موقع ملا، بلاول بھٹی کی اٹھتی ہوئی گیند بیٹسمین کے بیٹ کو چھوکر دوسری سلپ میں احمد شہزاد کی طرف آئی لیکن انھوں نے لپکنے میں تاخیر کردی،بالآخر چندیمل نے جنید خان کی گیند پر ہک شاٹ کھیلتے ہوئے ڈیپ فائن لیگ پر راحت علی کو کیچ تھمادیا،نائب کپتان کی اننگز 89 پر ختم ہونے سے پاکستان کو دن میں خوشیاں منانے کا واحد موقع ہاتھ آیا، اس وقت 138رنز کی اہم شراکت ٹیم کا مجموعہ 234تک پہنچا چکی تھی۔دوسرے اینڈ پر موجود انجیلو میتھیوز نے قیادت کا حق ادا کرتے ہوئے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، پہلی اننگز میں سنچری مکمل نہ کرنے والے کپتان نے دوسری باری میں یہ ہدف حاصل کرلیا۔

پرسنا جے وردنے کو بھی پیسرز کے ساتھ سعید اجمل کو کھیلنے میں بھی کوئی مشکل پیش نہ آئی، وہ بھرپور اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سے 2 رنز دور ہیں،دونوں کے درمیان 99رنز کی ناقابل شکست شراکت سے سری لنکاکا مجموعہ 5 وکٹ پر 420 اور برتری 241 تک پہنچ چکی ہے، میتھیوز نے اپنی میراتھن اننگز کے دوران سنچری 370 منٹ میں 239 گیندوں پر مکمل کی،اس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، وہ کیریئر بیسٹ 116 کے ساتھ پانچویں روزکھیل کا آغاز کرینگے،اس سے قبل انھوں نے آسڑیلیا کیخلاف 2011میں کولمبو میں کیریئر کی پہلی سنچری جڑتے ہوئے ناقابل شکست 105رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3 اور بلاول بھٹی نے2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،اسپنر سعید اجمل تاحال 42اوورز میں 96 رنز دینے کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔آئی لینڈرز نے اگر300رنز کی برتری کے بعد پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دیدی تو فتح کی متلاشی نظر آنے والی میزبان سائیڈ بقاکی جنگ لڑنے پر مجبور ہوگی،پہلی اننگز میں تجربہ کار بیٹسمین ہی رنز بناپائے تھے، شکستہ وکٹ پر بیٹنگ لائن کو کڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
Load Next Story