ضمنی انتخاب میں عوام نے بتادیا کہ کٹھ پتلیوں کی کیا حیثیت ہے بلاول بھٹو

جمہوریت کسی فرعون کے حکم پرنہیں آئین کے مطابق چلتی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی

مارچ میں مارچ ہو گا اور اسلام آباد پہنچ کرعوام کا حق چھین کر رہیں گے، بلاول بھٹو۔ فوٹو:فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملیر کےعوام نے پورے پاکستان کو بتا دیا کہان کٹھ پتلیوں کی حیثیت کیا ہے۔

ملیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی تھی، جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہوئے ہیں حکومت کو عبرت ناک شکست ہوئی ہے،ملیر کےعوام نے پورے پاکستان کو بتا دیا ہے کہ ان کٹھ پتلیوں کی کیا حیثیت ہے، یہاں کے عوام نے بنی گالا کے حکمران کی نیندیں حرام کردیں، اگلے الیکشن میں تحریک انصاف کےامیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔


بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت ہر ادارے کو متنازع بنارہی ہے، جمہوریت کسی فرعون کے حکم پرنہیں آئین کے مطابق چلتی ہے، حکومت جمہوری مقابلہ کرے، ہم سینیٹ الیکشن کے لئے تیار ہیں حکومت اپنی تیاری پکڑے، حکومت سینیٹ الیکشن دھاندلی سے کرانا چاہتی ہے، لیکن ہم کسی کو سینیٹ انتخابات میں دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے، کسی کو ہمت نہیں ہونی چاہیے کہ سینیٹ میں چور دروازوں سے کسی کو لائے، تحریک انصاف کے ممبران پیپلزپارٹی کے پاس آرہے ہیں، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی جانتے ہیں کہ یہ حکومت جارہی ہے، ان کے ممبران پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے، کسی کو ارکان پارلیمنٹ کے ووٹوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم اس حکومت کے خلاف ہر میدان میں لڑ رہے ہیں اور شکست دے رہے ہیں، پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں سندھ ،پنجاب اور اسلام آباد میں بھی پریشان کرے گی ۔ مارچ میں مارچ ہو گا اور اسلام آباد پہنچ کرعوام کا حق چھین کر رہیں گے۔
Load Next Story