پی ایس ایل 6: غیرملکی کرکٹرزکی دستیابی بڑا مسئلہ

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 7 مارچ 2021
بائیو سیکیورببل میں موجود کھلاڑیوں اور آفیشلز کے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

بائیو سیکیورببل میں موجود کھلاڑیوں اور آفیشلز کے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

 لاہور: پی سی بی اجلاس میں زیر غور آنے والی تجاویز پر فرنچائزز نے مشاورت شروع کردی،رواں سال دستیاب ونڈو میں ایونٹ کرانے پر غیرملکی کرکٹرزکی دستیابی سب سے بڑا مسئلہ ہوگی، پلیئنگ الیون میں 3غیر ملکی کھلاڑی لازمی شامل کرنے کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بڑھتے ہوئے کوروناکیسزکی وجہ سے پی ایس ایل6 کے باقی میچز ملتوی ہونے پر تشویش میں مبتلا پی سی بی حکام جمعے کوکراچی میں سرجوڑ کر بیٹھے تھے، اس موقع پر ایونٹ مکمل کرنے کیلیے ممکنہ ونڈوز پر غور کیا گیا، سخت ترین ایس او پیز کیلیے کسی غیرملکی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اجلاس میں زیر غور آنے والی تجاویز پر فرنچائزز نے مشاورت شروع کردی ہے۔

ٹیموں کے مالکان بائیوببل کو فول پروف بنانے کے مجوزہ پلان کو بہتر سمجھتے ہیں،ساتھ ہی فکرمند بھی ہیں کہ غیر ملکی کرکٹرز کا اعتماد بحال کرنا ایک چیلنج ہوگا،مجوزہ10روزہ قرنطینہ کی وجہ سے بھی کئی کھلاڑی ایونٹ میں شرکت سے گریز کریں گے،اگر پی ایس ایل میچز مئی میں ہوئے تو شیڈول آئی پی ایل سے متصادم ہونے کی وجہ سے بھی بہت سے غیرملکی کرکٹرز دستیاب نہیں ہوں گے.

فارمیٹ کے مطابق ہر پلیئنگ الیون میں زیادہ سے زیادہ 4اور کم ازکم 3غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جا سکتا ہے، اس شرط کو ختم کرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا، قبل ازیں اس کیلیے ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت لینا پڑتی تھی، فی الحال فرنچائزز ایک دوسرے سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں،حتمی فیصلے اسٹیک ہولڈرز کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے ساتھ میٹنگ میں ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔