طیارہ ہائی جیک کرکے آگ لگانے کی دھمکی دینے والا مسافر گرفتار

طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش کا واقعہ افریقی ملک موریطانیہ کے دارالحکومت کے بین الاقوامی ایئرپورٹ میں پیش آیا

ہائی جیکر نے اپنا تعلق امریکا سے بتایا، فوٹو : فائل

افریقی ملک موریطانیہ میں مقامی ایئر لائن کا طیارہ ہائی جیک کرکے آگ لگانے کی دھمکی دینے والے مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔

عرب نیوز کے مطابق افریقی ملک موریطانیہ کے دارالحکومت نواکشوط کے بین الاقوامی ایئرپورٹ میں مقامی ایئرلائن میں اچانک ایک مسافر نے طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کرتے ہوئے طیارے کو آگ لگانے کی دھمکی دی۔

ہائی جیکر نے اپنا تعلق امریکا سے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ موریطانیہ سے اسے بہت مسئلہ ہے جس کا وہ آج بدلہ لے گا اور مسافروں سمیت طیارے کو آگ لگا دے گا۔ طیارے کے عملے نے ہائی جیکر کو باتوں میں مصروف رکھا۔


پائلٹ نے ہوشیاری سے ایئرپورٹ سیکیورٹی سے رابطہ کیا اور صورت حال سے آگاہ کیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے خفیہ راستے سے طیارے میں داخل ہوکر ہائی جیکر کو گرفتار کرلیا۔

ہائی جیکر کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے اور طیارے کو ہائی جیک کرنے سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہائی جیکر کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔

 
Load Next Story