2030 تک پاکستانی شہری آبادی 50 فیصد ہوجائیگی احسن اقبال

حکومت پر آئی ایم ایف نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، کراچی میں سرکلر ٹرین جلدچلائیں گے

حکومت کا 7نکاتی ایجنڈا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارمز احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اس وقت 7نکاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے ،اس ایجنڈے میں توانائی کے بحران کا حل،گڈ گورننس ، بیمارصنعتوں کی بحالی، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سسٹم کی تنصیب، صاف پانی کی فراہمی، غربت کا خاتمہ اور ٹریفک مسائل کاحل تلاش کرنا ہے۔

حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔ جمعے کو فریئر ہال میں دوسری پاکستان اربن فورم سائوتھ ایشین سٹیزن کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ 5 عشروں میں پاکستان کی آبادی میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے، آبادی میں اضافے کی سالانہ شرح 3.5فیصد ہے ،جنوبی ایشیا میں پاکستان ایسا ملک ہے ،جہاں تیزی سے شہر کاری (اربنائزیشن) ہورہی ہے ، پاکستان کے 9 شہر ایسے ہیں، جن کی آبادی 10 لاکھ سے زائد ہے،15شہر ایسے ہیں ،جن کی آبادی 5لاکھ سے زیادہ ہے اور 75 شہروں کی آبادی ایک لاکھ سے زائد ہے،2005سے شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور 2030تک پاکستان کی شہری آبادی مجموعی آبادی کا 50فیصد ہوگی۔




توقع ہے کہ اس وقت پاکستان کی آبادی 26کروڑ تک ہوجائے گی ، یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ 25سال میں شہری آبادی میں 8کروڑ کااضافہ ہوجائے گا،اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی،کراچی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک موٹر وے بنائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ کراچی سے گوادر بلوچستان تک بھی سڑکیں بنائی جائیں گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت پر آئی ایم ایف نے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور جلد کراچی میں جاپانی کمپنی کے ساتھ مل کر سرکلر ٹرین چلائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک تھرکول میں عملاً کام شروع ہو جائے گا۔
Load Next Story