فروغ تعلیم کے بغیر ملکی تقدیر نہیں سنور سکتی صدر ممنون

معاشرے کے تمام طبقات کیلیے آسان، قابل رسائی و استطاعت تعلیم چاہتے ہیں، خطاب


APP January 11, 2014
انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دے رہا ہے، وائس چانسلر۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

صدرمملکت ممنون حسین نے ملک میں تعلیم کے فروغ کیلیے حکومت کے ٹھوس عزم کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم کو ترقی کا بڑا ذریعہ قرار دیا ہے جو ملکی تقدیر سنوار سکتی ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن (پی آئی ایف ڈی) کے گریجویٹس کے اسکرول پر دستخط کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ حکومت علم پر مبنی معیشت کے نصب العین پر عمل کے علاوہ معاشرے کے تمام طبقات کیلیے آسان، قابل رسائی اور قابل استطاعت تعلیم کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ انھوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پی آئی ایف ڈی ٹیکسٹائل، جیمز اینڈ جیولری، فرنیچر، چمڑا اور فیشن ڈیزائن سمیت مختلف شعبوں میں پیشہ وارانہ تعلیم کے فروغ کیلیے نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔

 photo 1_zps6f273328.jpg

انھوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ ادارہ ملکی معیشت کے استحکام میں مدد دے گا اور اقوام عالم میں پاکستان کے ایک بہتر تشخص کو اجاگرکرے گا۔ پی آئی ایف ڈی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر حنا طیبہ نے صدر مملکت کو ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے پروگراموں میں مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا شامل ہے جو ملکی معیشت اور برآمدی صنعت کا ایک اہم جزو ہے۔ تقریب میں سیکریٹری تجارت قاسم ایم نیاز پی آئی ایف ڈی کے ہیومن ریسورسز کے ڈی جی محمد زاہد خان اور ادارہ کے کنٹرولر امتحانات محمد یاسین نے بھی شرکت کی۔