امریکا نے نئی پابندیاں لگائیں تو جوہری معاہدہ ختم ہوجائیگا ایران

کانگریس پابندیوں کیلیے کوشاںہے، ہم دبائو میں آکر مذاکرات نہیں کرینگے، عباس عراقچی

اگر امریکی کانگریس نے ایران پر نئی پابندیوں کی منظوری دینی ہے تو اپنا شوق پورا کرے ۔ فوٹو:فائل

ایران نے دھمکی دی ہے کہ امریکی کانگریس نے نئی پابندیوں کی منظوری دی تو جوہری معاہدہ ختم کیا جائیگا اور ایران کسی بھی دبائو میں نہیں آئے گا۔

پریس ٹی وی کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ اور ایرانی مذاکراتی ٹیم کا سربراہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس دبائو ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے' ہم دبائو میں آکر مذاکرات نہیں کریں گے۔


اگر امریکی کانگریس نے ایران پر نئی پابندیوں کی منظوری دینی ہے تو اپنا شوق پورا کرے مگر بعد میں جینوا میں طے پانے والا جوہری معاہدہ دفن ہوجائے گا' ہم معاہدے پر عمل کرنے اور اس میں پیشرفت چاہتے ہیں، معاہدے کو ''ڈی ریل'' کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔



نئی پابندیاں معاہدے کی کامیابی کو تباہ کردیں گی' امریکی کانگریس کو مثبت سوچ اپنانی چاہیے۔ ادھر دبئی کے حکمران شیخ محمد بن رشید المکتوم نے عالمی برادری سے ایران کیخلاف عائد اقتصادی پابندیوں کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کیخلاف عائد پابندیوں کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، ایران کو کچھ وقفہ دینا چاہیے، ایران ہمارا ہمسایہ ہے اور ہم اس کو کسی مشکل میں نہیں دیکھنا چاہتے۔
Load Next Story