سلمان خان مذہبی تہواروں کو اپنے فائدے کیلئے استعمال کرتے ہیں اداکارہ صوفیہ حیات

لوگ سلو میاں کی فلموں کی ایک جیسی کہانیوں سے تنگ آچکے ہیں، صوفیہ حیات

سلمان خان ابھی تک بڑے نہیں ہوئے ہیں جب کہ انہیں دیکھنے والے لوگ بڑے ہوگئے ہیں، صوفیہ حیات فوٹوفائل

بھارتی اداکارہ و ماڈل صوفیہ حیات نے بالی ووڈ کے سلو میاں پر الزام لگایا ہے کہ وہ مذہبی تہواروں کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

اداکارہ صوفیہ حیات بگ باس 7 میں بھی حصہ لے چکی ہیں اور اسی شو سے انہوں نے بالی ووڈ میں انٹری لی تھی۔ صوفیہ حیات بگ باس 7 کی کافی بولڈ اور متنازع شخصیت تھیں۔ حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں سلومیاں کے بارے میں کئی باتیں کی ہیں۔

صوفیہ حیات نے لکھا سلمان خان اپنی ہر فلم کی ریلیز کے وقت ایک ہی ٹرک (چال) استعمال کرتے ہیں۔ وہ اپنی ہر فلم عید کے موقع پر ریلیز کرتے ہیں اور مذہبی تہواروں کو اپنی فلموں کی تشہیر اور اپنے منافع کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی نژاد ماڈل صوفیہ حیات فیشن انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر راہبہ بن گئیں


صوفیہ حیات نے مزید کہا سلمان ہر بار فلم میں ایک جیسے نظر آتے ہیں، ان کی فلموں کی کہانی کے مکالمے بھی تقریباً ایک جیسے ہوتے ہیں اور فلموں کی کہانی بھی ایک ہی ہوتی ہے۔ وہ اپنی فلم میں ہر بار نوجوان ماڈل کو کاسٹ کرتے ہیں۔ کیا اب وقت نہیں کہ سلمان خان اپنی عمر کی لڑکی کو فلم میں کاسٹ کریں۔

صوفیہ حیات نے مزید کہا سلمان خان ابھی تک بڑے نہیں ہوئے ہیں جب کہ انہیں دیکھنے والے لوگ بڑے ہوگئے ہیں اور سلو میاں کی فلموں کی ایک جیسی کہانیوں سے تنگ آچکے ہیں۔ یہاں تک کہ جب میں نے فلم ''رادھے'' کا ٹریلر دیکھا تو میں نے سوچا کیا میں نے یہ سب پہلے نہیں دیکھا ہوا؟

صوفیہ حیات نے مزید کہا کہ جب وہ بگ باس کا حصہ تھیں تو انہوں نے سلمان خان کے ساتھ فائنل اسٹیج شیئر نہیں کیا تھا کیونکہ ان کی اخلاقیات اور سچ ان کی انا سے کہیں بڑھ کر ہے۔ بھارت کے لوگ بیوقوف نہیں ہیں وہ ذہین ہیں اور ہر روز ترقی کررہے ہیں شاید سلمان خان کو بھی اب آگے بڑھنا چاہئے۔

واضح رہے کہ بھارتی نژاد برطانوی ماڈل و اداکارہ صوفیہ حیات نے کئی سال قبل بالی ووڈ کو چھوڑ کر راہبہ بننے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنے اس فیصلے کی وجہ سے وہ خبروں کی زینت بنی تھیں۔
Load Next Story