پاک فوج ہر قیمت پر قوم کی خدمت اور وطن کا دفاع کرتی رہے گی آرمی چیف

آرمی چیف کا آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں کو تقویت دینے کیلئے ملک میں جاری استحکام آپریشن پر اطمینان کا اظہار۔

کانفرنس میں سکیورٹی چیلنجز سمیت خطرات سے نمٹنے کیلئے جوابی حکمت عملی پر بھی غور۔ (فائل فوٹو)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی، ہر قیمت پر قوم کی خدمت اور وطن کا دفاع کرتے رہیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 78 ھویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔

کانفرنس کے شرکاء نے جیو اسٹریٹجک صورتحال، قومی سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز سمیت خطرات سے نمٹنے کیلئے جوابی حکمت عملی پر بھی غور کیا۔ کانفرنس میں مختلف پیشہ وارانہ امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی، آرمی چیف نے آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں کو تقویت دینے کیلئے ملک میں جاری استحکام آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔


کانفرنس کے شرکاء نے قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مقامی افراد کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ کے پی میں ضم قبائلی اضلاع اور بلوچستان میں جاری سماجی اور اقتصادی ترقی کے عمل پر بھی غور کیا گیا۔ کانفرنس میں مشرقی سرحدوں اور مقبوضہ جموں کشمیر کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس کےشرکاء نے کشمیریوں کی جدوجہد حق خود ارادیت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔شرکاء نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے بامقصد کردار کو بھی سراہا۔

آرمی چیف قمر جاوید باجودہ نے تازہ جیو اسٹریٹجک صورتحال کے پیش نظر ایل اوسی، ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان بارڈر پر آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اپنی آپریشنل تیاریاں جاری رکھی جائیں۔

آرمی چیف نے مختلف تربیتی مشقوں میں فارمیشن کےتربیتی معیار کی تعریف کی اور افسروں اورجوانوں کے بلند عزم کو سراہا، آرمی چیف نے کورونا، ٹڈی دل اور پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی۔آرمی چیف نے ملتان اور منگلا کور کو بہترین کارکردگی پر ٹرافیز سے بھی نوازا۔
Load Next Story