کراچی میں مزار کے قریب سے 3 لاشیں برآمد شہر میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی
رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ فوٹو: فائل
ملیر میں مزار کے قریب سے 3 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ شہر میں پیر کے روز مختلف پرتشدد واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملیر میں ولایت شاہ مزار کے قریب 3 لاشیں ملیں جنھیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا ہے تاہم اب تک ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ کورنگی میں چکرا گوٹھ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے آرام باغ تھانے میں تعینات اے ایس آئی کامران جاں بحق ہوگیا۔ اس کے علاوہ لیاری کے علاقے بغدادی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔
دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق حراست میں لئے گئے دو ملزمان فہیم الیاس عرف ڈپٹی اور یاسر کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ دونوں ملزمان قتل، اقدام قتل اور دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔