سفاک باپ نے امتحان میں نمبر کم آنے پر بیٹی کو قتل کردیا

بیٹی ہمیشہ امتیازی نمبروں سے پاس ہوتی تھی لیکن اس بار کم نمبر آئے جس پر مجھے غصہ آگیا، باپ کا اعترافی بیان

باپ نے کم نمبر آنے پر بہیانہ تشدد کیا، فوٹو: فائل

اردن میں بدبخت باپ نے امتحان میں کم نمبر آنے پر اپنی 24 سالہ بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں طالبہ کی موت واقع ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے اسپتال میں البلقا ایپلائیڈ یونیورسٹی میں ہیومن سائنسز کی طالبہ کی لاش لائی گئی۔ لاش پر بے پناہ تشدد کے نشانات تھے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انہی زخموں کو 24 سالہ لڑکی کی موت کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔


یونیورسٹی کی طالبہ کی لاش چچا لے کر آئے تھے جنہوں نے بتایا کہ لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے والا بے رحم شخص کوئی اور نہیں اس کا باپ ہے۔ پولیس نے باپ کو حراست میں لے کر عدالت میں پیش کردیا۔

سفاک باپ نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ امتیازی نمبر لانے والی بیٹی جب اس بار کم نمبر لیکر آئی تو غصے میں آگیا اور اس کی پٹائی کردی تاہم مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اس سے بیٹی کی موت واقع ہوجائے گی۔

عدالت نے ملزم کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
Load Next Story