آلو سے کیجئے ان پانچ گھریلو چیزوں کی صفائی
آلو کسی دوسرے کھانے کے ساتھ مل کر اپنا ذائقہ تو برقرار رکھتا ہی ہے لیکن اس سبزی میں کئی مسائل کا حل بھی موجود ہے
آلو کسی دوسرے کھانے کے ساتھ مل کر اپنا ذائقہ تو برقرار رکھتا ہی ہے لیکن اس سبزی میں کئی مسائل کا حل بھی موجود ہے.(فوٹو:انٹرنیٹ)
کیا آپ جانتے ہیں کہ بچوں اور بڑوں کی ہر دل عزیز سبزی آلو کھانے کے علاوہ صفائی کے کاموں میں بھی نہایت موثر ہے؟
آلو اشیائے خوردو نوش میں سہر فہرست سبزی ہے کیوں کہ یہ ہر کسی کے ساتھ گھل مل جاتی ہے۔ آلو غالبا وہ واحد سبزی ہے جو کسی دوسرے کھانے کے ساتھ مل کر بھی اپنا ذائقہ برقرار رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ آلو گوشت ہو یا آلو پالک، آلو بھنڈی ہو یا آلو ٹنڈے، آلو کے پکوڑے ہو یا آلو کے سموسے یہ سبزی ہر جگہ اپنی انفرادیت برقرار رکھتی ہے اور جب اس کے ساتھ پکانے کے لیے کچھ بھی میسر نہ ہو تب بھی یہ ' فرائیز' کی شکل میں زبان کو ذائقہ عطا کرتی ہے۔
نظر اور دھوپ کا چشمہ
کورونا وبا کے بعد چشمہ لگانے والے افراد کو جو سب سے بڑا مسئلہ درپیش ہے وہ ماسک کی وجہ سے چشمے پر آنی والی دھند ہے جو انہیں کچھ دیر کے لیے دیکھنے محروم کردیتی ہے۔ اور ایسا ہی کچھ معاملہ ساحل سمندر پر بھی ہوتا ہے کہ اگر نظر زیادہ کمزور ہے تو چشمے کے بنا تاحد نگاہ سمندر نظر نہیں آئے گا اور چشمہ پہن کر دیکھیں تو صرف دھند ہی نظڑ آئے گی۔
لیکن اس مسئلے کا حل آلو میں پوشیدہ ہے، بس آلو کے قتلے کاٹیں اور انہیں شیشے پر آہستگی سے رگڑ دیں کیوں کہ آلو میں موجود نشاستہ شیشے پر دھند نہیں جمنے دیتا لہذا آلو کھائیں بھی لگائیں بھی!
زنگ ہٹانا
زنگ آپ کی صلاحیتوں پر لگے یا آپ کی لوہے سے بنی قیمتی اشیا پر یہ دونوں صورتوں میں ہی نقصان دہ ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ لوہے پر سے زنگ ہٹانے کے لیے آلو تیر بہ ہدف نسخہ ہے۔ آلو کو دو ٹکڑوں میں کاٹیں، اب اس کی سطح پر برتن دھونے والا صابن اور بیکنگ سوڈا لگائیں، اب اسے زنگ پر اس وقت تک رگڑیں جب تک وہ مکمل طور پر غائب نہ ہوجائے۔ اس کے بعد اس جگہ کو پانی سے دھو کر خشک ہونے دیں۔
شیشے کی صفائی
کچھ تہذیبوں میں شیشہ ٹوٹنے کو نیک شگون سمجھا جاتا ہے، لیکن کوئی بھی اس نیک شگون کی باقیات کو شنبھال کر نہیں رکھنا چاہتا۔ شیشے کی کرچیوں کو اٹھانا ایک مشکل کام ہے، کیوں کہ کچھ ٹکڑے اتنے باریک ہوتے ہیں کہ آپ انہیں دیکھ بھی نہیں پاتے اور ہاتھ یا پاؤں میں چھب کر تکلیف کا سبب بنتے ہیں۔ اس مشکل کا حل بھی آلو میں پوشیدہ ہے۔ آلو کو درمیان سے دو حصوں میں تقسیم کریں، کٹے ہوئے حصے کو اس جگہ رگڑیں جہاں شیشہ ٹوٹا ہے۔ تاہم حفاظتی تدابیر کے طور پر یہ کام کرتے ہوئے موٹے دستانے ضرور پہن لیں۔
سلور کی پالش
زیورات یا برتن سونے کے ہوں یا چاندی کے کچھ وقت کے بعد ان کی چمک ماند پڑجاتی ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہر سبزی کے ساتھی آلو میاں سلور کے زیورات اور برتنوں کو چمکا کر نئی چمک دمق عطا کرتے ہیں؟ آلو کوابالنے کے بعد ان پانی کو پھینکنے کے بجائے محفوظ کرلیں، اس پانی میں نشاستے کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے اور اس سے چاندی کے سامان پر لگنے داغ با آسانی صاف ہوجاتے ہیں۔ چاندی کے برتنوں یا زیورات کو اس پانی میں کم از کم ایک گھنٹے کے لیے بھگو دیں، خشک ہونے کے بعد انہیں پالش کریں اور پھر دیکھیں ان کی چمک بلکل نئے کی طرح ہوجائے گی۔
گریس کے نشانات صاف کریں
آلو چھوٹے داغ دھبوں کے لیے بہترین ہےخصوصاً گریس کے نشانات آلو میاں بخوبی صاف کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آلو کو آدھا کاٹ کر اسے گریس کے داغ پر ملیں اور دھولیں، اگر ضرورت ہو تو یہ عمل دوبارہ دہرائیں۔