وکیل سرکار نے منحرف گواہ کے خلاف کارروائی شروع کردی

محمد شارق گواہی سے منحرف،وکیل سرکار کا بیان پر جرح،وکیل صفائی کو نوٹس جاری

ایکسپریس میں خبر شائع ہونے پر منحرف مدعیان اور گواہوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

مقدمات میں منحرف ہونے والے مدعیان اور گواہوں سے متعلق ایکسپریس میں خبر شائع ہونے کے بعد ضلعی سرکاری وکیل نے منحرف گواہوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

عدالتوں میں لوٹ مار اور دیگر مقدمات میں مدعیان اور گواہوں کے عدم شناخت اور منحرف ہونے سے ملزمان بری ہورہے تھے، اس سلسلے میں بدھ کوانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سابق صدر آصف زرداری کے ذاتی محافظ عبدالرحمن ایرانی قتل کیس میں ملوث صدام کاکڑ کے مقدمے میں پی پی رہنما محمد شارق کو استغاثہ نے گواہی کیلیے پیش کیا ، گواہ ملزم کی شناخت سے انکار کرکے بیان سے منحرف ہوگیا ، وکیل سرکار نے درخواست میں گواہ کو منحرف قرار دیکر بیان پر جرح کی استدعا کی۔




عدالت نے وکیل سرکار کی استدعا منظور کرکے جرح کی اجازت دی، عدالت نے گواہ کے منحرف ہونے پر وکیل صفائی کو نوٹس جاری کردیے، استغاثہ کو مطابق دسمبر 2012 کو مقتول دوست کیساتھ ہوٹل میں موجود تھا ، ملزمان نے ہوٹل کے مالک سے بھتہ طلب کیا ،تلخ کلامی کے بعد فائرنگ ہوگئی ، ملزمان کا ساتھی رمضان کاکڑ ہلاک اور مقتول عبدالرحمن ایرانی زخمی ہو گیا ہلاک شخص کی لاش جناح اسپتال لائی گئی تھی اور زخمی ہونے والے کو بھی جناح اسپتال لایا گیا تھا ، گرفتار ملزم صدام کاکڑ نے مقتول پر جناح اسپتال کے وارڈ میں فائرنگ کی،گواہ شارق کی نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کیا گیا اور وہ مقدمے کا واحد گواہ تھا جو اب منحرف ہوگیا۔
Load Next Story